جامعہ کشمیر میں وزیراعظم لیپ ٹاپ سکیم کے تحت 1200 سے زائد لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی تقریب کا انعقاد

جمعرات 13 نومبر 2014 16:05

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 13نومبر 2014ء) جامعہ کشمیر میں وزیراعظم لیپ ٹاپ سکیم کے تحت 1200 سے زائد لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کے مہمان خصوصی اپوزیشن لیڈر اور مسلم لیگ (ن)کے صدر و سابق وزیراعظم راجہ فاروق حیدرتھے ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر راجہ فاروق حیدر نے کہا کہ کشمیر کاز اور آزاد خطے کی ترقی کے لیے وزیراعظم پاکستان اور ان کی حکومت کی ذاتی اور خصوصی دلچسپی کی ایک مثال لیپ ٹا پ سکیم میں آزادکشمیر کو خصوصی نمائندگی دینا بھی ہے ۔

موجودہ حکومت پاکستان کے اقدامات سے آزادکشمیر میں ترقی اور تعلیمی و تربیت میں فراہمی میں مدد ملے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامعہ کشمیر میں منعقد ہونے والی تقریب تقسیم لیپ ٹاپ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں نئی قیادت طلباء اور نوجوانوں میں سے سامنے آئے گی طلباء اور نوجوان ملک اور قوم کا مستقبل ہیں۔ لیپ ٹاپ میرٹ اور صلاحیت پر حاصل کرنے والے طلباء کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ طلباء اور نوجوانوں کے بہترین مستقبل کے لیے تمام وسائل برؤے کار لانا حکومت کا اولین فرض ہے ۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ہائر ایجوکیشن کمیشن منصور اکبر کنڈی نے کہا کہ لیپ ٹاپ اور فیس معافی کی سکیم جمہوری دور کا بہترین تحفہ ہے اور اگر ملک میں جمہوری دور جاری رہا تو جمہوریت کے مزید تحائف عوام تک پہنچیں گے ۔ موجود ہ حکومت میں ہائر ایجوکیشن کمیشن کو جتنا فنڈ دیا گیا اس کی مثال گزشتہ ادور میں نہیں ملتی ۔ انہوں نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ جامعہ کشمیر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سید دلنواز احمد گردیزی کی سرپرستی میں تیزی سے ترقی کا سفر جاری رکھے ہوئے ہے ۔

ڈاکٹر دلنواز احمد گردیزی کو اپنی میعاد پوری کرنے پر مزید توسیع ملنی چاہیے جو جامعہ کشمیر کی ترقی کے لیے مفید ثابت ہو گی ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سید دلنواز احمد گردیزی نے کہا کہ لیپ ٹاپ سکیم سے مستفید ہونے والے طلباء و طالبات کو تعلیم و تحقیق کے لیے بہتر وسائل دستیاب ہوں گے ۔ جس سے ان کی تعلیم و تحقیق کے میدان میں ان کو مدد ملے گی اور وہ ملک کی ترقی میں مزید بہتر کردار ادا کر سکیں گے ۔

حکومت پاکستان نے تمام سکالر شپ سکیموں میں جامعہ کشمیر کو نمائندگی دی ہے جو قابل ستائش ہیں ۔ تقریب میں ممبر قومی اسمبلی و چیف کوآرڈی نیٹر لیپ ٹاپ سکیم روبینہ اختر نے خصوصی شرکت کے علاوہ ممبر قانون ساز اسمبلی بیرسٹر افتخار گیلانی ، جامعہ کشمیر کے آفیسران ، فیکلٹی ممبران اور طلباء و طالبات کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔

متعلقہ عنوان :