دشمن ہمارے پیچھے پڑا ہے پاکستان کا گھیرا تنگ کیا جا رہا ہے ‘ راجہ فاروق حیدر

جمعرات 13 نومبر 2014 17:04

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 13نومبر 2014ء) مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کے صدر و اپوزیشن لیڈر راجہ فاروق حیدر خان نے کہا ہے میاں نواز شریف کی قیادت میں پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن ہو چکا ہے۔ دشمن ہمارے پیچھے پڑا ہے پاکستان کا گھیرا تنگ کیا جا رہا ہے ‘ مسلم لیگ (ن) تمام سازشوں کے باوجود ملک کی تعمیر و ترقی کا سفر جاری رکھے گی۔ آزاد کشمیر کے آئندہ انتخابات صاف و شفاف ہوں گے کسی کو دھاندلی نہیں کرنے دیں گے۔

سیاست میں لوگوں کے دل جیتے جاتے ہیں ڈنڈے کے زور پر عوام کے دلوں میں جگہ نہیں بنائی جا سکتی۔ آزاد کشمیر میں جلد ایک تعلیمی پیکج لائیں گے جو مکمل غیر سیاسی ہوگا۔ وزیر اعظم پاکستان نے مظفرآباد پیر چناسی روڈ کیلئے چالیس کروڑ روپے مختص کر دئیے ہیں، رقم رواں سال بجٹ میں ریلیز ہو جائے گی اور تعمیراتی کام شروع ہو جائے گا۔

(جاری ہے)

پیر چناسی روڈ کی تعمیر سے علاقہ میں خوشحالی آئے گی اور سیاحت کے شعبہ میں بھی ترقی ہوگی۔

یونین کونسل مظفرآباد کے عوام کو تمام بنیادی سہولیات فراہم کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بوائز ہائی سکول نیازپورہ کی نئی عمارت کی افتتاحی تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما و سابق امیدوار اسمبلی چوہدری شہزاد، عاشق مغل، چوہدری بشیر، صاحبزادہ محمد یعقوب، سردار ولی محمد، چوہدری عمران، راجہ عبدالباسط سمیت اساتذہ اکرام و عوام علاقہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

تقریب میں آمد پر راجہ فاروق حیدر کا شاندار استقبال کیا گیا۔ سینکڑوں نوجوانوں نے موٹر سائیکل ریلی کی صورت میں راجہ فاروق حیدر کو سکول پہنچایا۔ نیازپور کی فضاء قائد کشمیر فاروق حیدر، دیکھو دیکھو کون آیا، شیر آیا شیر آیا کے فلک شگاف نعروں سے گونج اٹھی۔ تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا۔ ادارہ کے صدر معلم راجہ منیر خان نے سپاسنامہ پیش کیا۔

انہوں نے کہا کہ بوائز ہائی سکول نیاز پورہ 1961 ء میں قائم ہوا ادارہ کی عمارت زلزلہ میں تباہ ہو گئی تھی۔ آج نو سال بعد سکول کی عمارت تو تعمیر ہو گئی مگر فرنیچر کی سہولت موجود نہیں۔ ادارہ میں تین سو سے زائد بچے تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔ بوائز ہائی سکول نیازپورہ واحد ادارہ ہے جس میں بچوں کے ساتھ بچیوں کو بھی تعلیم دی جارہی ہے کیونکہ علاقہ میں کوئی گرلز سکول نہیں ہے۔

ادارہ میں سٹاف کی بھی کمی ہے۔ چوہدری شہزاد نے اپنے خطاب میں کہا حلقہ لچھراٹ میں تعلیمی اداروں کی حالت زار افسوس ناک ہے حکمرانوں کی لوٹ مار، کرپشن کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ نئی نسل کے مستقبل کے ساتھ کھلواڑ نہیں کرنے دیں گے۔ راجہ فاروق حیدر کے اعلان کے مطابق سیری درہ روڈ کا تعمیراتی کام جلد شروع ہو گا۔ میاں نواز شریف نے آزاد کشمیر میں میٹرک تک مفت تعلیم کا اعلان کر دیاہے۔

تقریب کے مہمان خصوصی راجہ فاروق حیدر نے چوہدری شہزاد کو عوام کی فلاح و بہبود اور جماعت کی مضبوطی کے لیے کام کرنے پر مبارکباد پیس کرتے ہوئے کہا کہ حلقہ لچھراٹ کو سازش کے تحت پسماندہ رکھا گیا۔ حلقہ میں مسلم لیگ (ن) کی ٹیم مضبوط ہو گئی ہے آئندہ الیکشن میں کامیابی ہمارا مقدر بنے گی۔ انہوں نے اساتذہ اور نوجوانوں پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پسماندگی کے خاتمہ کے لیے تعلیم ناگزیر ہے تعلیم کے بغیر کوئی قوم ترقی نہیں کر سکتی۔

معاشرے کی اصلاح کے لیے تعلیم کے ساتھ کردار سازی پر بھی توجہ دینا ہو گی۔ معاشرے کا مفید شہری بننے کے لیے تعلیم انتہائی ضروری ہے اساتذہ اپنے پیشہ کے ساتھ انصاف کریں۔ راجہ فاروق حیدر نے بوائز ہائی سکول نیازپورہ کو اپ گریڈ کروانے کی یقین دھانی کروائی اور بہترین کارکردگی پر بچوں کی حوصلہ افزائی بھی کی۔ راجہ فاروق حیدر نے مزید کہا مظفرآباد ہماری عزت ہے دارالحکومت کی ترقی سے ریاست مضبوظ ہوگی۔

متعلقہ عنوان :