مقبوضہ کشمیر، فوجی عدالت میں فرضی جھڑپ کیس میں دو افسران سمیت سات فوجی اہلکاروں کو عمر قید کی سزا

جمعرات 13 نومبر 2014 19:06

سرینگر (اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 13نومبر 2014ء) مقبوضہ کشمیر میں فوجی عدالت نے ایک فرضی جھڑپ کے دوران تین کشمیری نوجوانوں کے قتل کے الزام میں دو افسران سمیت سات فوجی اہلکاروں کو عمر قید کی سزا سنا دی ہے۔ہلاکتوں کا یہ واقعہ چار سال قبل لائن آف کنٹرول کے قریب مڑہل نامی گاوٴں میں پیش آیا تھا۔عسکری ذرائع کے مطابق بریگیڈیئر دیپک مہرا کی سربراہی میں عدالت نے ملزمان کا کورٹ مارشل اس سال جنوری میں شروع کیا اور ستمبر میں تفتیش مکمل ہوگئی تھی۔

تاہم کشمیر میں تعینات فوج کی پندرہویں کور کے ترجمان این این جوشی نے اس فیصلے کی تصدیق یا تردید نہیں کی۔ان کا کہنا ہے کہ ’اس معاملے کی تفتیش ہو رہی تھی، لیکن ہم نے ابھی تک کوئی بیان جاری نہیں کیا۔‘فرضی مقابلے میں کشمیری نوجوانوں کی ہلاکت کی تصدیق کا انکشاف ایک ایسے وقت میں ہوا ہے جب تین نومبر کی شب فوج کے ہاتھوں مارے گئے دو نوجوانوں کی ہلاکت کا معاملہ ابھی زیرِ تفتیش ہے۔

(جاری ہے)

فوجی ذرائع کے مطابق کمانڈنگ افسر کرنل ڈی کے پٹھانیہ، کپتان اوپیندر سنگھ، صوبیدار ستبیر سنگھ، حوالدار بیر سنگھ، سپاہی چھادرا بن، سپاہی ناگیندرا سنگھ اور سپاہی نریندر سنگھ کے خلاف فوجی عدالت میں مقدمہ دائر کیا گیا تھا۔30 اپریل 2010 کو بھارتی فوج نے دعویٰ کیا تھا کہ شمالی کشمیر کے مڑہل سیکٹر میں تین پاکستانی مسلح شدت پسندوں کو جھڑپ کے دوران ہلاک کیا گیا ہے۔

لیکن بعد میں مارے گئے نوجوانوں کی شناخت بارہ مولہ کے محمد شفیع، شہزاد احمد اور ریاض احمد کی حیثیت سے ہوئی تھی جو مقامی مزدور تھے۔اس پورے معاملہ میں دو کشمیریوں بشیر احمد اور عبدالحمید کو بھی ملزم بنایا گیا۔ ان پر الزام ہے کہ انھوں نے اچھی مزدوری کا لالچ دے کر مقتولین کو فوجی کیمپ میں پہنچایا جہاں سے انھیں کپواڑہ کے مڑہل سیکٹر لے جا کر فرضی جھڑپ میں ہلاک کیا گیا۔

جموں کشمیر پولیس نے 15 جولائی 2010 کو ہی آٹھ فوجی اہلکاروں کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کیا تھا اور اس کیس کی سماعت سوپور کے چیف جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں ہوئی۔تاہم کشمیر میں نافذ آرمڈ فورسز سپیشل پاورز ایکٹ یا افسپا کی وجہ سے قصوروار فوجی یا نیم فوجی اہلکاروں کا مواخذہ عام عدالت میں نہیں ہو سکتا، اس لیے ان پر فوجی عدالت میں مقدمہ چلا۔

خیال رہے کہ 30 اپریل 2010 کو بھارتی فوج نے دعویٰ کیا تھا کہ شمالی کشمیر کے مڑہل سیکٹر میں تین پاکستانی مسلح شدت پسندوں کو جھڑپ کے دوران ہلاک کیا گیا ہے۔ لیکن بعد میں مارے جانے والے نوجوانوں کی شناخت بارہ مولہ کے محمد شفیع، شہزاد احمد اور ریاض احمد کی حیثیت سے ہوئی تھی جو مقامی مزدور تھے۔ان ہلاکتوں پر وادی بھر میں احتجاجی مظاہرے ہوئے تھے اور چھ ماہ تک ان مظاہروں کے دوران ہلاکتوں، گرفتاریوں اور پابندیوں کا سلسلہ جاری رہا تھا۔اس پوری تحریک میں مظاہروں کے دوران پولیس اور نیم فوجی اہلکاروں کی براہِ راست فائرنگ سے 120 نوجوان مارے گئے تھے۔
`

متعلقہ عنوان :