چودھری اکبر ابراہیم کی بھارتی فوج کی جانب سے چکوٹھی سیکٹر کے سرحدی علاقے میں گولہ باری کی شدید مذمت

ہفتہ 15 نومبر 2014 16:11

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 15نومبر 2014ء) آزادجموں وکشمیر کے وزیرصنعت وتجارت چوہدری اکبر ابراہیم نے بھارتی افواج کی جانب سے پانڈو سیکٹر کے بعد چکوٹھی سیکٹرکے سرحدی علاقے پاہل پر مارٹر گنوں سے گولہ باری کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کی جانب سے ایک ہفتہ کے دوران مسلسل تیسری بار سیزفائر کی خلاف ورزی کھلی جارحیت ہے ۔ امریکہ ‘برطانیہ ‘ یورپی ممالک اور اقوام متحدہ بھارتی وزیراعظم کی انسانیت دشمن پالیسیوں کا فوری نوٹس لے اور فی الفور بھارتی گولہ باری رکوانے کے لئے اپنا موٴثر کردار ادا کرے۔

بھارت طاقت کے استعمال سے کشمیریوں کا جذبہ آزادی کو سرد نہیں کر سکتا ۔کشمیری 6 دہائیوں سے بھارت کے ظلم و ستم کے باوجود اپنے بنیادی حق خودارادیت کے حصول کے لئے ڈٹے ہوئے ہیں اور مقبوضہ جموں وکشمیر کی آزادی تک اپنی تحریک جاری رکھیں گے۔

(جاری ہے)

چوہدری اکبر ابراہیم نے کہا کہ مقبوضہ کشمیرکے عوام بھار تی ڈھونگ انتخابات کو مسترد کر چکے ہیں کشمیری انتخابات نہیں حق خودارادیت چاہتے ہیں۔بھارت ہٹ دھرمی چھوڑ کر حقیقت کو تسلیم کرے اور مقبوضہ کشمیر کے عوام کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق آزاد حق خودارادیت دے کر خطے میں امن کے قیام میں اپنا کردار اداکرے ۔

متعلقہ عنوان :