وزیرستان میں فوج آپریشن مستقل حل نہیں ،حکومت کو آئی ڈی پیز پر خصوصی توجہ دینااور لوگوں کے دل جیتنا ہوں گے، ایسا الیکشن کمیشن بنایا جائے جس پر کوئی انگلی نہ اٹھا سکے، وقت سے پہلے انتخابات ہوئے تو دھاندلی کی باتیں ہونگی،سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کی جاوید ہاشمی کی ہمشیر ہ کے انتقال پرتعزیت کے بعد میڈیا سے گفتگو

پیر 17 نومبر 2014 22:59

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔17نومبر۔2014ء) پیپلزپارٹی کے سینئر وائس چیئرمین اورسابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ وزیرستان میں ملٹری آپریشن مستقل حل نہیں حکومت کو آئی ڈی پیز کی طرف فوکس رکھنا اور لوگوں کے دل جیتنا ہوں گے ایسا الیکشن کمیشن بنایا جائے جس پر کوئی انگلی نہ اٹھا سکے وقت سے پہلے انتخابات ہوئے تو دھاندلی کی باتیں ہونگی ۔

وہ پیر کو مخدوم جاوید ہاشمی کی رہائش گاہ پر انکی ہمشیر ہ کے انتقال پرتعزیت کے بعد میڈیا سے گفتگو کررہے تھے ۔ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ الیکشن کرانے کے اختیارات وزیراعظم کے پاس ہیں وہ جب چاہیں الیکشن کروائیں انہوں نے کہا کہ دہشت گردی نیشنل نہیں بلکہ گلوبل ایشو ہے اس مسئلے کو گلوبلی طور پر ہینڈل کرنا ہوگا انہوں نے کہا کہ عمران خان کو پہلے گرفتار کرلیا جاتا تو ٹھیک تھا اب گرفتار کیا گیا تو یہ انتقام ہوگا ۔

(جاری ہے)

علی حیدر گیلانی کی بازیابی کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ آپریشن سے پہلے کچھ رابطے ہوئے تھے مگر اب وہ لوگ انڈر گراؤنڈ ہو گئے ہیں جس کی بعد تمام رابطے ختم ہو گئے ہیں انہوں نے کہا کہ دھرنے ،احتجاج اور جلسے جلوس عوام کا حق ہے مگر ہم انتشار کی سیاست پر یقین نہیں رکھتے انہوں نے کہا کہ 30نومبر کولاہور میں بلاول بھٹو زرداری ورکرز کنونشن میں آئندہ لائحہ عمل کا اعلان کریں گے ۔

انہوں نے کہا کہ جب 58ٹو بی ہوتا تھا اسمبلیا ں توڑ کر وزیراعظم کو ہٹا دیا جاتا تھا مگر اب ایسا نہیں ہے انہوں نے مزید کہا کہ صدر الدین ہاشوانی کی کتاب میں متنازعہ بات تھی سابق صدر آصف علی زرداری کا یہ استحقاق ہے کہ وہ اسے چیلنج کریں اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے مخدوم جاوید ہاشمی نے کہا کہ مسلم لیگ (ن )چاہتی تھی فوج کو بطور سہولت کار کے طور پر استعمال کیا جائے جبکہ عمران خان فوج کوضامن کے طور پر لانا چاہتے تھے لیکن جنرل راحیل شریف ان معاملات میں نہیں آئے انہوں نے کہا کہ دھاندلی ثابت ہونے کی صورت میں اسحاق ڈار نے مشروط طور پر وزیراعظم کے مستعفی ہونے کی بات تھی انہوں نے مزید کہا کہ دھرنوں کے ذریعے حکومت ہٹانے کی کوشش ناکام ہو گئی ہے مڈٹرم الیکشن پر عمران خان نے بات نہیں کی تھی میں نے کہا تھا کہ یہ ہمارا جمہوری حق ہے ۔

واضح رہے کہ جامع خیر المدار س ناظم اعلی قاری محمد حنیف جالندھری نے بھی جاوید ہاشمی کی رہائش گاہ پر جاکر انکی ہمشیر ہ کی وفات پر اظہار تعزیت اور فاتحہ خوانی کی ۔