مقبوضہ کشمیر میں بھارتی انتخابی ڈھونگ کو کشمیری رد کرچکے ہیں، چوہدری محمد برجیس طاہر

جمعرات 27 نومبر 2014 17:57

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 27نومبر 2014ء) وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان چوہدری محمد برجیس طاہر نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے بھارتی انتخابی ڈھونگ کو کشمیری رد کرچکے ہیں۔ کشمیریوں نے کبھی بھارتی آئین اور بھارت کی عملداری کو تسلیم نہیں کیا۔ انتخابات کبھی بندوق کی نوک پر نہیں کروائے جاتے اور نہ ہی بائیکاٹ کرنے والوں کو گرفتار کیا جاتا ہے۔

مقبوضہ میں آئندہ ہونے والے ریاستی انتخابات سے نہ کشمیر کا بھارت سے الحاق ثابت ہوتا ہے اور نہ ہی بھارتی تسلط جائز قرار دیا جاسکتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں کشمیر کے موضوع پر منعقدہ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کانفرنس کا موضوع کشمیر کاز اور مقبوضہ کشمیر میں کٹھ پتلی انتخابات تھا جس کا انعقاد تنظیم برائے امن و ثقافت نے کرایا تھا۔

(جاری ہے)

کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ اس وقت کشمیر کے اندر 8لاکھ بھارتی افواج تعینات ہیں جن کے مظالم سے نہ صرف کشمیر بلکہ عالم انسانیت لرزہ براندام ہے۔ بھارت یہ دعویٰ کرتا ہے کہ کشمیر اس کا اٹوٹ انگ ہے لیکن جب مقبوضہ کشمیر میں سیلاب آیا تو بھارت ٹس سے مس نہ ہوا۔ جب کشمیریوں کی لاشیں جنگلی جانور نوچ رہے تھے تو تب اٹوٹ انگ کا راگ الاپنے والا بھارت کہاں تھا؟ وفاقی وزیر نے کہا کہ بھارت کو کشمیر کے لوگوں سے نہیں بلکہ کشمیر کی سرزمین سے سروکار ہے۔

جب سے مودی کی حکومت اقتدار میں آئی ہے کشمیریوں کی مشکلات میں بے پناہ اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف نے مسئلہ کشمیر کو ببانگ دہل عالمی فورموں پر اٹھایا ہے وزیراعظم پاکستان نے سارک سربراہ کانفرنس میں بھی conflict free ساؤتھ ایشیاء کی بات کرکے باالواسطہ طور پر مسئلہ کشمیر کا ذکر اپنی تقریر میں بھی کردیا۔

کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے چوہدری محمد برجیس طاہر نے واضح کیا کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے بغیر کشمیر کا پُرامن حل ممکن نہیں۔ وفاقی وزیر نے کشمیر کاز کو اجاگر کرنے اور مسئلہ کشمیر پر آگہی پھیلانے پر مشعال ملک اور ان کی تنظیم کی کاوشوں کو سراہا۔ کانفرنس سے راجہ ظفرالحق، اکرم ذکی اور جنرل (ر) حمید گل کے علاوہ دیگر کئی رہنماؤں اور انسانی حقوق کے کارکنوں نے بھی خطاب کیا۔

متعلقہ عنوان :