مقبوضہ کشمیر میں نام نہاد انتخابات کے دوسرے مرحلے کیخلاف حریت کانفرنس کے زیر اہتمام مظفرآباد میں احتجاجی دھرنا

منگل 2 دسمبر 2014 14:50

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 02 دسمبر 2014ء) مقبوضہ کشمیر میں نام نہاد انتخابات کے دوسرے مرحلے کے خلاف حریت کانفرنس کے زیر اہتمام گزشتہ روز مظفرآباد میں ایک پرامن احتجاجی دھرنہ دیا گیا۔ حریت کانفرنس کے رہنماؤں نے ان انتخابات کو غیر قانونی ،غیر اخلاقی اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے منافی قرار دیا۔مقررین نے کہا کشمیر یوں نے مقبوضہ کشمیر میں ہمیشہ بھارتی نام نہاد انتخابات روکے اور اس سال بھی وہ ان انتخابات کا مکمل بائیکاٹ کر کے اقوام عالم پر واضح کریں گے کہ کشمیری عوام نے کسی انتخابی عمل کے لیے لاکھوں جانوں کی قربانیاں نہیں دیں بلکہ حق خودارادیت کے حصول کے لیے 67سالون سے جہد مسلسل جاری رکھے ہوئے ہیں۔

مقررین نے کہا کہ اقوام متحدہ نے اپنی قراردادوں میں پہلے ہی ان انتخابات کو غیر قانونی قرار دیا ہے مگر بھارت دنیا کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کے لیے انتخابی ڈرامہ رچا رہا ہے۔

(جاری ہے)

قائدین حریت نے کہا کہ سات لاکھ فوج ،ظالمانہ قوانین اور ریاستی دہشت گردی کی موجودگی میں ہونے والے نام نہاد انتخابات حق خودارادیت کا نعمل البدل نہیں ہو سکتے۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں سیلاب سے ہونے والی تباہ کاریوں پر بھارتی حکومت کی عدم دلچسپی اور نام نہاد انتخابات میں نریندر مودی کی عملی شرکت نہ صرف حیران کن ہے بلکہ مظلوم کشمیریوں کے زخموں پر نمک پاشی کے مترادف ہے۔

اس موقع پر اقوام متحدہ کے مبصر دفتر میں ایک یاداشت پیش کی گئی۔احتجاجی ریلی کی قیادت APHCکے رہنما غلام محمد صفی،شیخ عقیل الرحمن، محمود ساغر، سید فیض نقشبندی ،محمد فاروق رحمانی، منظورالحق بٹ، عبدالحمید میر، سید مظفرشاہ، شیخ محمد یعقوب ،ایڈووکیٹ پرویز احمد،عبدالحمیدلون، حسن البناء ،اشتیاق حمید، الطاف حسین وانی،نثار مرزا، عدیل مشتاق وانی، راجہ خادم حسین، حاجی محمد سلطان،عبدالحمید ملک، محمدحسین خطیب،سیدعبداللہ گیلانی، محمد شفیع ڈار، نذیر احمدکرنائی اور شیخ عبدالمتین کے علاوہ آزادکشمیر کے قائدین نے شرکت کی۔