طالبعلموں کو جموں کشمیر کی آزادی کی تحریک میں متحرک اور شعوری کردار ادا کرنا ہوگا،ڈاکٹر توقیر گیلانی

بدھ 3 دسمبر 2014 16:56

کوٹلی(اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 03 دسمبر 2014ء) جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کے زونل صدر ڈاکٹر توقیر گیلانی نے کہا ہے کہ نوجوان نسل بالخصوص طالبعلموں کو مادرِ وطن ریاست جموں کشمیر کی آزادی کی تحریک میں اپنا متحرک اور شعوری کردار ادا کرنا ہوگا۔پوسٹ گریجویٹ کالج کوٹلی میں جموں کشمیر سٹوڈنٹس لبریشن فرنٹ کے یونٹ کی تشکیل کے موقع پر طلباء سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر توقیر گیلانی نے کہا کہ آزادی اور تبدیلی کی تحریکیں نوجوان نسل کے متحرک کردار کی وجہ سے تیز ہوتی اور کامیابی سے ہمکنار ہوتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ قابض قوتوں کو ریاست بدر کرنے اور اپنی ریاست کی وحدت اور حاکمیت کی بحالی کیلئے ایک مضبوط و متحرک سیاسی جماعت اور اعلیٰ کردار کی حامل قیادت کا ہونا ضروری ہوتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سٹوڈنٹس لبریشن فرنٹ وہ نرسری ہے جو جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کی صفوں میں باشعور اور تربیت یافتہ قیادت فراہم کرتی ہے۔انہوں نے کہا کہ آزاد خیالی اور تنظیموں کو توڑ کر چھوٹے چھوٹے گروپ بنانا قابض قوتوں کی مدد اور تحریکِ آزادی سے غداری کے مترادف ہے۔

انہوں نے طلباء پر زور دیا کہ وہ اپنی تعلیم و تربیت کے ساتھ ساتھ قومی آزادی کی جدوجہد میں اپنا کردار ادا کریں۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ضلعی صدر سہیل کٹاریہ، نو منتخب کالج صدر ثاقب چودھری، آرگنائزر عدنان شاہ، جنرل سیکریٹری سہیل شبیر اور دیگر مقررین نے کہا کہ سٹوڈنٹس لبریشن فرنٹ قائدِ تحریک امان اللہ خان اور چیئرمین محمد یٰسین ملک کی قیادت میں آزادی کے حصول اور خوشحال معاشرے کے قیام کیلئے ہر دور میں لازوال جدوجہد کرتی آئی ہے۔

مقررین نے کہا کہ طلباء اپنی ذمہ داریوں سے آگاہ ہیں اور وہ قوم کے مستقبل کو بہتر بنانے اور طلباء حقوق کی جدوجہد کو آگے لیجانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے۔ اس سے قبل نو منتحب عہدیداران سے لبریشن فرنٹ کے ضلعی صدر سہیل کٹاریہ نے حلف لیا۔ نو منتخب عہدیداران میں ثاقب گورسی صدر،عدیل ملک نائب صدر، سہیل شبیر جنرل سیکریٹری، فیصل ناز جوائنٹ سیکریٹری،شہاب بھٹی فناس سیکریٹری،محمد شاہنوازپریس سیکریٹری،نقاش حسین پریس سیکریٹری دوم اور عدنان شاہ کو کالج آرگنائزر منتخب کر لیا گیا۔

متعلقہ عنوان :