چودھری عبدالمجید کی ہدایت پر انسانی حقوق کا عالمی دن آزاد کشمیر سمیت چاروں صوبے میں جوش وخروش سے سرکاری سطح پر منایا جائیگا

منگل 9 دسمبر 2014 16:24

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 09 دسمبر 2014ء) وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری عبدالمجید کی خصوصی ہدایت پر کل بروز بدھ 10 دسمبر کو انسانی حقوق کا عالمی دن ریاست جموں وکشمیر کے دونوں اطراف سمیت پاکستان کے چاروں صوبوں اور دنیا بھر میں انتہائی جوش و خروش عقیدت و احترام کے ساتھ سرکاری سطح پر منایا جائے گا۔ آزاد کشمیر حکومت کا تاریخ ساز فیصلہ انسانی حقوق کا دن سرکاری منانے کیلئے باقاعدہ محکمہ سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ نے نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔

اس اقدام پر وزیر اعظم آزاد کشمیر چوہدری عبدالمجید کو دونوں اطراف کی کشمیری قیادت سمیت تمام مکاتب فکر کے زعماء نے سراہا ہے۔انسانی حقوق کا عالمی دن منانے کا کے سلسلہ میں آزادکشمیر بھر میں جلسے جلوس ریلیاں ،احتجاجی مظاہرے کئے جائینگے ، انسانی حقوق کے احترام کے سلسلہ میں طے شدہ عالمی معاہدوں کے مطابق اقوام عالم کی توجہ مقبوضہ کشمیر میں ریاستی دہشت گردی ،قتل و غارت پر مبذول کروائی جائے گی۔

(جاری ہے)

جبکہ احتجاجی جلسہ عام کے بعد اولڈ سیکرٹریٹ سے اقوام متحدہ کے مشن دفتر تک ریلی پیدل مارچ کرتے ہوئے سیکرٹری جنرل بان کی مون کے نام احتجاجی یادداشت پیش کرے گی۔ گزشتہ روز انسانی حقوق کے عالمی دن کی تفصیلات بتاتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے میڈیا ایڈوائزر شوکت جاوید نے کہا کہ کرہ ارض میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو دن کے اُجالے اور رات کی تاریکی میں پاؤں تلے روند کر نہتے، بے گناہ انسانوں کے قتل عام کا تسلسل جاری رکھنے پر مقبوضہ کشمیر کی دھرتی وادی موت کا منظر اختیار کر چکی ہے۔

مقبوضہ کشمیر میں لاکھوں پرامن نہتے ،آزادی پسند مرد و خواتین کا بلاجواز قتل عام 8لاکھ بھارتی قابض افواج اور پیرا ملٹری ٹروپس کے مظالم ،شہری اور انسانی حقوق کی کھلے عام پامالیوں اور کریک ڈاؤن ،نوجوانوں کو اغوا کرنے کے بعد موت کے گھاٹ اتارنے کی بڑھتی ہوئی تشویشناک صورتحال کے خلاف پوری قوم سراپا احتجاج ہو گی 10دسمبر کو انسانی حقوق کے عالمی دن کے موقع پر آزادکشمیر قانون ساز اسمبلی کے اجلاس کے روز ایوان کے اندر اور باہر کی تمام جمہوری قوتوں کو مدعو کیا جائے گا تاکہ دنیا بھر میں تحفظ حقوق انسانیت کا نعرہ بلند کرنے والوں کو باور کروایا جاسکے کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کو کس طرح پاؤں تلے روند کر آتشیں اسلحہ کی نوک پر چڑھایا جاتا ہے سیز فائر لائن اور ورکنگ باؤنڈری پر شر انگیزی کی مثالیں مہذب اقوام کے لیئے باعث شرمندگی ہیں۔

میڈیا ایڈوائزر شوکت جاوید نے کہا کہ اس وقت بھارت مقبوضہ کشمیر میں فراڈ انتخابی عمل رچا کر دنیا کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کی کوشش کر رہا ہے اور بھارتی بنیاد پرست وزیراعظم مقبوضہ کشمیر میں گجرات کی طرح فساداتی عمل کی منصوبہ بندی کر رہا ہے لہذا وزیراعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں کشمیری عوام کے حق خود ارادیت کے لیئے دو ٹوک موقف اختیار کرنے کی طرح دونوں اطراف کی کشمیری قیادت پر مشتمل کشمیر کانفرنس طلب کریں انہوں نے کہا کہ قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو ،دختر مشرق محترمہ بے نظیر بھٹو شہید نے جس طرح ڈیڑھ کروڑ کشمیر ی عوام کے حق خود ارادیت کو دنیا بھر کے فورمز پر اجاگرکیا اسی کشمیر پالیسی کو عصر حاضر میں جاری رکھنے کی ناگزیر ضرورت ہے کراچی میں دفاعی نمائش کے موقع پر ہونے والی کانفرنس سے بری افواج کے سربراہ جنرل راحیل شریف نے جس طرح کشمیری عوام کے حق آزادی کے لیئے ایک بار پھر پاکستان کے اصولی موقف کو دھرایا ہے اس سے پوری قوم کے حوصلے بھی بلند ہوئے اور حریت پسندوں کو تازہ آکسیجن بھی میسر آئی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ کمپوزٹ ڈائیلاگ اقدامات برائے بحالی اعتماد کیلئے بے شمار رعائتیں دیں اور قیام امن کیلئے فرنٹ لائن پر اپنا کردار ادا کیا مگر بھارت اپنی ہٹ دھرمی میں نہ مانوں کی روش پر قائم رہا۔ کشمیری عوام کا مطالبہ ہے کہ پاک بھارت مذاکرات جس سطح پر بھی شروع ہوں ان میں کشمیریوں کی شمولیت کے ٹائم فریم کا تعین کیا جائے کیونکہ مسئلہ کشمیر کا پائیدار اور مستقل حل ہی سہہ فریقی مذاکرات میں ہے۔

دنیا نے جب تک علیحدگی اور آزادی کی تحریکوں میں تمیز کر کے اپنا فیصلہ کن کردار ادا نہ کیا تو خون خرابہ کسی طور پر بھی روکا نہیں جا سکے گا۔ کشمیری عوام کی تحریک خود رو پودوں کی طرح اگنے والی پر امن اور تشدد سے مکمل پاک ہے۔ بھارت مختلف حربوں سے کبھی اسے زمینی تنازعہ اور کبھی مذہبی جھگڑا بنا کا پیش کرنے کی ناکام کوشش کرتا ہے۔ حالانکہ مسئلہ کشمیر حالصتاً ایک جمہوری مسئلہ ہے۔ اس لیے دنیا بھر میں بلا رنگ و نسل انسانیت کی بھلائی کی جدوجہد کرنی والی مہذب قومیں کشمیر کی بارود سے جلتی دھرتی پر توجہ مرکوز کریں۔

متعلقہ عنوان :