سڑکوں،پانی و بجلی کیلئے ووٹ ڈالنے کا کوئی جواز نہیں ،سید علی گیلانی

جمعرات 11 دسمبر 2014 17:16

سرینگر (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 11 دسمبر 2014ء) بزرگ حریت رہنماء سید علی گیلانی نے کہاہے کہ سڑکوں، پانی و بجلی اورترقی کیلئے ووٹ ڈالنے کاکوئی جواز نہیں ہے ۔سید علی گیلانی نے کولگام اور بڈگام کے سیلاب سے متاثرہ 50خاندانوں میں 5لاکھ مالیت کے امدادی چیک اور امدادی سامان تقسیم کرتے ہوئے کہاکہ کوئی شک نہیں کہ ہمیں سڑکیں، پانی وبجلی اور روزگار جیسی بنیادی سہولیات کی ضرورت ہے تاہم انہوں نے واضح کیاکہ انتخابات میں حصہ لینے اور ووٹ ڈالنے کا کوئی جواز نہیں ہے۔

انہوں نے کہاکہ کشمیری ٹیکس ادا کر رہے ہیں اور یہ حکمرانوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے فرائض کا احساس کریں۔بزرگ رہنماء نے مقبوضہ علاقے میں بھارتی فوجیوں اور پولیس اہلکاروں کے ہاتھوں بڑے پیمانے پر جاری انسانی حقوق کی پامالیوں کاحوالہ دیتے ہوئے کہاکہ بھارت نے کشمیریوں کے بنیادی حقوق سلب کر رکھے ہیں اور اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل بانکی مون نے بھی اپنے حالیہ بیان میں مسئلہ کشمیرکومذاکرات کے ذریعے حل کرنے پر زوردیا ہے تاہم انہوں نے کہاکہ اس سلسلے میں عالمی ادارے کا کردار اہم ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ بھارت کی روایتی ضد اور ہٹ دھرمی پر مبنی پالیسی مسئلہ کشمیر کے حل میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے اور بان کی مون اور اقوام متحدہ کو رائے شماری کے ذریعے مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کیلئے بھارت پر دباؤ بڑھانا چاہیے ۔انہوں نے کہاکہ عالمی ادارہ اپنی ساکھ کھو چکا ہے کیونکہ کوئی بھی رکن ملک انسانی حقوق کے بارے میں اقوام متحدہ کے چارٹر کا احترام نہیں کرتا ۔

انہوں نے کہاکہ عالمی ادارے کے چارٹر کے مطابق تمام لوگ برابر ہیں اور انکے حقوق یکساں ہیں تاہم اس اعلامیہ کے برعکس کوئی بھی رکن ملک یواین چارٹر کااحترام نہیں کرتا ۔ سید علی گیلانی نے کہاکہ عالمی طاقتیں کمزور قوموں کوانکے بنیادی حقوق سے محروم کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ بھارت 1947سے اقلیتوں کے حقوق سلب کر رکھے ہیں۔

متعلقہ عنوان :