وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر چوہدری عبدالمجیدکی پریس کانفرنس

منگل 16 دسمبر 2014 19:50

مظفرآباد ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 16 دسمبر 2014ء ) وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر چوہدری عبدالمجیدنے کہا ہے کہ عوام صبر کریں بجلی کی لوڈ شیڈنگ کا مسئلہ مرحلہ وار ختم ہوجائے گا۔بجلی کے بلوں میں اضافہ کے بقایا جات کی وصولی موخر کردی گئی ہے۔بجلی کی قیمتوں میں مزید کمی کے لیے وفاقی حکومت کے ساتھ رابطے میں ہیں۔وفاقی حکومت کی طرف سے بجلی کے 35ارب روپے کے بقایا جات معاف کیے جانے کی کاروائی کی جارہی ہے۔

جبکہ مستقبل میں آزادکشمیر کو 350میگاواٹ بجلی کے منصوبے مقامی سطح پر چلانے کی بھی تجویز پر جلد عملدرآمد شروع ہوجائے گا۔وزیراعظم پاکستان 22دسمبر کو آزادکشمیر آئیں گے اور نیلم جہلم معاہدہ ،بجلی کا 250میگاواٹ کوٹہ ،بجلی کی قیمتوں میں مزید کمی، تعلیمی اور ہیلتھ پیکجز،تاؤ بٹ تا منگلاتک دو رویہ سڑک کی تعمیر ،ریلوے لنک سمیت میگا ترقیاتی منصوبوں پر عملدرآمد میں مزید پیش رفت ہوگی۔

(جاری ہے)

وہ منگل کے روز یہاں وزیراعظم سیکرٹریٹ میں پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے اس موقع پر وزیر خزانہ منصوبہ بندی وترقیات چوہدری لطیف اکبر،وزیر ہاؤسنگ وفزیکل پلاننگ چوہدری پرویز اشرف،پارلیمانی سیکرٹری صد ف شیخ،سیکرٹری اطلاعات ڈاکٹر شہلا وقار،میڈیا ایڈوائزر سید عزا دار حسین کاظمی، میڈیا کنسلٹنٹ واحد اقبال بٹ اور دیگر بھی موجود تھے۔

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری عبدالمجید نے کہاکہ آزاد کشمیر میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ مرحلہ وار ختم ہوجائے گی آزادکشمیر کو 250میگاواٹ بجلی کے کوٹہ کی فراہمی پر وفاقی وزارت پانی وبجلی نے اتفاق کیا ہے اور اس سلسلے میں تقسیم کار کمپنیوں کو ہدایات بھی جاری ہوچکی ہیں اس کے علاوہ آزادکشمیر میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ کے مکمل خاتمے کے لیے مستقبل میں آزادکشمیر کو 350میگاواٹ بجلی اپنے وسائل سے پیدا کرنے کے لیے منصوبے لگانے کے لیے فنڈز وفاقی حکومت کی طرف سے دینے کی بھی پیشکش ہوچکی ہے۔

انہوں نے کہاکہ آئندہ سال آزادکشمیر میں پن بجلی کے 6چھوٹے منصوبے بھی مکمل ہوجائیں گے جس سے مقام سطح پر بجلی کی ضروریات پوری کرنے میں مدد ملے گی۔وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری عبدالمجید نے کہاکہ آزاد کشمیر کے عوام نے پاکستان کے لیے ہر مشکل وقت میں قربانی دی ہے اور آئندہ بھی دیں گے۔انہوں نے کہاکہ وزیراعظم پاکستان نواز شریف آزادکشمیر کی تعمیر وترقی اور بجلی کے بحران کو ختم کرنے میں خصوصی دلچسپی لے رہے ہیں اور وہ 22دسمبر کو آزادکشمیر آئیں گے ان کے دورے کے موقع پر آزادکشمیر کے قومی ایشوز کے حل کے لیے حکومت اور اپوزیشن ایک ہی صفحے پر ہیں اس ضمن میں اپوزیشن کو اعتماد میں لیا گیا ہے ۔

وزیراعظم پاکستان کے دورے کے موقع پر حکومت اور اپوزیشن مل کر اپنا کیس وزیراعظم پاکستان کے سامنے رکھیں گے۔انہوں نے کہاکہ آزادکشمیر میں جنگلات کے بچاؤ کے لیے دور دراز علاقوں کو بجلی کی فراہمی ضروری ہے اس موقع پر وزیر خزانہ منصوبہ بندی وترقیات چوہدری لطیف اکبر نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ آئندہ سال 30جون تک پن بجلی کے 6منصوبے مکمل ہونے سے بجلی کی کمی کی صورتحال کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔

انہوں نے کہاکہ آج بھی کابینہ کی ترقیاتی کمیٹی نے کیل اور شاردہ پن بجلی کے منصوبوں کے لیے فنڈز کی منظوری دی ہے جبکہ آئندہ سال 6منصوبے مکمل ہوجائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ حکومت بجلی کی لوڈ شیڈنگ کو ختم کرنے اور بجلی کی قیمتوں کو نچلی سطح پر لانے کے لیے ٹھوس اقدامات اٹھا رہی ہے اس سلسلہ میں وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری عبدالمجید وزارت پانی وبجلی حکومت پاکستان سے مل کر حالات کو مزید بہتر بنانے کے لیے کوششیں کررہے ہیں ۔

ایک سوال پر وزیراعظم نے دوٹوک کہاکہ بجلی بلوں میں اضافے کی وصولی کو موخر کردیا گیا اور بجلی کی مجموعی قیمتوں کو بھی کم کرنے کے لیے کوششیں کی جارہی ہیں اس سلسلہ میں ہڑتالوں کا کوئی جواز نہیں حکومت عوام کے مسائل کو حل کرنے کے لیے اپنی پوری توانیاں صرف کررہی ہے ۔انہوں نے کہاکہ آزادکشمیر میں میگا ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل سے سیاحت کو فروغ ملے گا روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے اور آزادخطہ میں خوشحالی آئے گی ۔

متعلقہ عنوان :