مصعوم بچوں کے خون سے ہولی کھیلنے والے دہشت گرد کسی رعایت کے مستحق نہیں، محمد طاہر کھوکھر

جمعرات 18 دسمبر 2014 14:39

پشاور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 18 دسمبر 2014ء) ایم کیو ایم آزادکشمیر کے پارلیمانی لیڈر‘ جوائنٹ انچارج صوبائی تنظیمی کمیٹی محمد طاہرکھوکھرنے کہاہے کہ معصوم بچوں کے خون سے ہولی کھیلنے والے سفاک دہشت گرد کسی رعایت کے مستحق نہیں‘سانحہ پشاور کے ذمہ دار ملک دشمن ‘ اسلام دشمن اور انسانیت دشمن ہیں‘ وقت آگیا ہے کہ پوری قوم اور قیادت سیاسی اختلافات بھلا کر دہشت گردی کیخلاف متحد ہو جائے اور پاک فوج پوری قوت سے دہشت گردوں کو کچلنے کیلئے آپریشن کا آغاز کرے‘صوبائی دارالحکومت پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایم کیو ایم آزادکشمیر کے پارلیمانی لیڈر محمد طاہرکھوکھر نے کہا کہ ان سفاک دہشت گردوں نے پشاورمیں اسکول پرحملہ کرکے معصوم بچوں کاجس طرح بیدردی سے قتل عام کیاہے اور اسکول کے بچوں کے خون کی جو ہولی کھیلی ہے اس کی مذمت کیلئے تمام الفاظ کم ہیں ‘ سفاک دہشت گرد وں نے آج قوم کی نئی نسل پر بہت بڑاحملہ کیاہے اورخون کی ہولی کھیلنے والے یہ درندہ صفت دہشت گردکسی بھی رعایت کے مستحق نہیں ‘ یہ حملہ صر ف ایک سکول ‘ یا بچوں پر نہیں بلکہ پوری قوم پر حملہ ہے جس کاجواب پاکستانی قوم دینا جانتی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ آج پورا ملک سوگوار ہے ‘ آزادکشمیر کے عوام بھی پشاور کے دکھی والدین کے غم میں برابر کے شریک ہیں ‘ لیکن قوم کے عزم جواں ہیں اور ہم بزدلانہ حملوں سے گھبرانے والے نہیں ہیں۔انہوں نے کہا کہ اساتذہ اور اساتذہ اور معصوم بچوں کے وحشیانہ اور سفاکانہ قتل پر دیگر دردمند دل رکھنے والے ہرشہری کا دل خون کے آنسو رورہا ہے اور ایسا لگتا ہے ۔

طاہرکھو کھر نے وزیراعظم پاکستان میاں نواز شریف سے مطالبہ کیا کہ ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کی تجویز کے مطابق وہ تمام اموربالائے طاق رکھ کر فوری طور پر سیاسی ومذہبی جماعتوں کی گول میز کانفرنس طلب کریں اور طالبان دہشت گردوں کے خلاف اجتماعی حکمت عملی ترتیب دیں تاکہ پوری قوم متحد ہو کر دہشت گردی کا مقابلہ کر سکے ۔ انہو ں نے کہا کہ سکول پر حملہ اور معصوم بچوں کاقتل کھلی دہشت گردی او ر ملک و قوم کے خلاف بڑی سازش ہے ‘دہشت گرد ملک ہمارے حوصلے پست کر کے ملک کی جڑیں کھوکھلی کرنا چاہتے ہیں لیکن انہیں ناکامی ہو گی اور پاکستانی قوم انہیں عبرتناک انجام سے دوچار کرے گی ۔

انہوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں مصروف پاک فوج کے جوانوں کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج کی بے مثال قربانیوں کے باعث آج دہشت گرد بوکھلا کر بزدلانہ حملوں پر اتر آئے ہیں اور معصوم بچوں کو نشانہ بنارہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنی افواج پر فخر ہے اور اس وقت دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم پاک فوج کی پشت پر کھڑی ہے ۔ اگر سیاسی قیادت نے اتفاق کامظاہرہ کیا تو وہ وقت دور نہیں جب ملک سے دہشت گردی کامکمل خاتمہ ہوجائیگا۔

متعلقہ عنوان :