پیپلز پارٹی حکومت کا ساڑھے تین سالہ دور گزشتہ 60 سالوں پر بھاری ہے، سردار جاوید ایوب

جمعرات 18 دسمبر 2014 14:39

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 18 دسمبر 2014ء) آزادکشمیر کے وزیر جنگلات ووائلڈلائف سردار جاوید ایوب نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی کی حکومت کا ساڑھے تین سالہ دور گزشتہ 60سالوں پر بھاری ہے۔حلقہ کوٹلی میں تعمیروترقی کا انقلاب برپا کر دیا ہے۔عوام کو صحت ،تعلیم اور کیمونیکیشن کے بہتریں سہولیات مہیا کر کے دم لیں گے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز یونین کونسل ہیرکوٹلی کے مختلف علاقوں کے تفصیلی دورہ کے موقع پر ایک بڑی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر وزیر جنگلات نے مختلف سکولوں کا معائنہ کیا اور غیر حاضر سٹاف کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایات جاری کیں۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیر جنگلات سردار جاوید ایوب نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی حکومت کا اولین مشن عوام کی خدمت ہے۔

(جاری ہے)

جس کے لیے تمام تر صلاحتیں بروئے کار لا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی عوامی حکومت نے لوگوں کی گزشتہ 60سالہ محرومیوں کا ازالہ کر دیا ہے۔

کوٹلہ میں سڑکوں کے جال بچھائے جار ہے ہیں جبکہ صحت اور تعلیم کی بہتریں سہولتیں مہیا کی جار ہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ سرکاری سکولوں میں اساتذہ اپنی حاضریوں کو یقینی بنائیں ۔غیر حاضر سٹاف کے خلاف سخت کارروائی کی جائیگی۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ ادوار میں نوجوانوں کو روزگار کے مواقع مہیا کرنے کے لیے کوئی ٹھوس اقدامات نہیں کیے گئے جس کیوجہ سے نوجوانوں میں مایوسی پائی جاتی ہے لیکن پیپلز پارٹی کی حکومت نے نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی اور انکو ہنرمندی کی تربیت دینے کے لیے بھرپور اقدامات کیے ہیں جس سے نوجوانوں میں پائی جانے والی مایوسی کا خاتمہ ہورہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ نوجوانوں سے اس ملک کا مستقبل وابستہ ہے نوجوانوں کی فلاح وبہبود ہماری حکومت کا اولین ایجنڈا ہے۔وزیر جنگلات نے کہا کہ میرے دورازے چوبیس گھنٹے عوام کے لیے کھلے ہیں جس کوکوئی بھی مسئلہ ہو وہ براہ راست مجھ سے رابطہ کرے ۔میں عوام کی خدمت کے لیے ہر وقت میسر ہوں۔عوام ہی میری سیاست کا محور اور میری زندگی کا مقصد ہے۔وزیر جنگلات نے کہا کہ پشاور میں دہشت گردی کے واقعہ پر پوری قوم سراپا احتجاج ہے۔

دہشتگردی کے خاتمہ کے لیے پاک فوج کی پشت پر کھڑے ہیں۔دہشت گردی کسی بھی شکل میں قابل قبول نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ معصوم بچوں کو شہید کرنا کسی بھی مذہب میں جائز نہیں یہ انتہائی شرمناک واقعہ ہے جس کی بھرپور مذمت کرتے ہیں۔تقریب کے اختتام پر پشاور میں دہشت گردی کے واقعہ میں شہید ہونے والوں کے لیے خصوصی طور پرفاتحہ خوانی بھی کی گئی۔

متعلقہ عنوان :