مقبوضہ کشمیر ہائی کورٹ کی طرف سے مشتاق الاسلام کی غیر قانونی نظربندی کالعدم، رہائی کا حکم

جمعہ 19 دسمبر 2014 20:32

سرینگر(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 19 دسمبر 2014ء) مقبوضہ کشمیرمیں ہائی کورٹ نے غیر قانونی طورنظربند حریت رہنماء مشتاق الاسلام کی کالے قانون پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت نظربندی کالعدم قراردیتے ہوئے انکی فوری رہائی کے احکامات جاری کئے ہیں۔ ہائی کورٹ کے جج جسٹس محمد یعقوب میر نے کالے قانون کے تحت مشتاق الاسلام کی غیر قانونی نظربندی کے خلاف دائر عرضداشت کی حتمی سماعت کے دوران حریت رہنماء کی رہائی کے احکامات جاری کئے ۔

عدالت میں مشتاق الاسلام کی پیروی معروف وکیل اور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر میاں عبدالقیوم نے کی۔

(جاری ہے)

انہوں نے اپنے دلائل میں عدالت عالیہ سے اپنے موکل کی فوری رہائی کی درخواست کی ۔عدالت عالیہ نے مشتاق الاسلام کی نظربندی کیلئے درست جواز پیش نہ کرنے پر کٹھ پتلی انتظامیہ کی سخت سرزنش بھی کی ۔فیصلے میں جسٹس یعقوب نے وکلا کے دلائل اور شواہد کا حوالہ دیتے ہوئے کہاکہ انتظامیہ نے مشتاق الاسلام کے خلاف ماضی میں درج کئے گئے مقدمات کو بنیاد بنا کر ان کے خلاف کالا قانون پی ایس اے نافذ کیا گیا جو کہ بلا جواز ہے ۔عدالت عالیہ نے ایڈووکیٹ میاں قیوم کے دلائل سے اتفاق کرتے ہوئے مشتاق الاسلام پرعائد کالے قانون کو کالعدم قراردے کر ان کی فوری رہائی کے احکامات صادر کئے ۔

متعلقہ عنوان :