وزیر اعظم کی ہدایت پر قائد اعظم کا یوم ولادت انتہائی عقیدت و احترام، قومی جوش و جذبے سے منایا جائیگا

ضلعی، تحصیل، سٹی مقامات پر بانی پاکستان کی سالگرہ پروقار طریقے سے منائی جانے کی تقریبات کا انعقاد کیا جائیگا

اتوار 21 دسمبر 2014 16:42

مظفرآباد( اردو پوائنٹ اخبار تازہ تارین ۔ 21 دسمبر 2014) وزیراعظم چوہدری عبدالمجید کی ہدایت پر بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کا 139واں یوم ولادت 25دسمبر کو پاکستان کے چاروں صوبوں ، گلگت بلتستان کی طرح ریاست جموں و کشمیر میں بھی انتہائی عقیدت و احترام، قومی جوش و جذبے اور ملی بیداری سے منانے کا اعلان کر دیا گیا، 25دسمبر کو آزادکشمیر کے تمام ضلعی، تحصیل، سٹی مقامات پر بانی پاکستان کی سالگرہ پروقار طریقے سے منائی جانے کی تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا اور کیک کاٹے جائیں گے سب سے بڑی تقریب ایوان وزیراعظم مظفرآباد میں ہو گی جس کے مہمان خصوصی وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری عبدالمجید اور صدارت وزیرخزانہ چوہدری لطیف اکبر کریں گے، گزشتہ روز پاکستان پیپلزپارٹی آزادکشمیر کے میڈیا ایڈوائزر شوکت جاوید نے ایوان وزیراعظم میں اخبار نویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 25دسمبر کو بانی پاکستان کا یوم ولادت قومی یکجہتی سے منا کر دو قومی نظریے کی بنیاد پر حاصل کیئے جانے والے مملکت خداداد پاکستان کے لیئے ان کی عالمگیر جدوجہد کو خراج عقیدت پیش کیا جائے گا بانی پاکستان کے افکار و نظریات کے لیئے خصوصی طور پر ریسرچ کرنے والے مختلف مکاتب فکر کے زعماء کو اسناد اور ایوارڈ دیئے جائیں گے، انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں وطن عزیز کو درپیش اندرونی اور بیرونی خطرات سے عہدہ برآ ہونے اور دہشتگردی، انتہا پسندی، خودکش حملوں سے پیدا ہونے والی خونریزی کو امن میں تبدیل کرنے کے لیئے قائداعظم کے نظریات اور افکار پر پوری قوم کا کاربند رہنا ہی تابناک مستقبل کی ضمانت ہے، شوکت جاوید نے کہا کہ وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری عبدالمجید نے پارٹی اور اس کی ذیلی تنظیموں کو ہدایت کی ہے کہ وہ 25دسمبر کو قائداعظم محمد علی جناح کے یوم ولادت کے موقع پر سیمینارز، مشاعرے، تقریری مقابلے اور تصویری نمائش کروا کر ان کی لازوال جدوجہد کو نئی نسل میں روشناس کروانے کے لیئے تمام مکاتب فکر کو مدعو کریں، انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی قائدعوام شہید ذوالفقار علی بھٹو، دختر مشرق محترمہ بے نظیر بھٹو شہید کے فلسفہ سیاست کے مطابق ملکی و قومی مفاد کے لیئے ہمیشہ ہی اپنا لیڈنگ کردار ادا کرتی رہی ہے قائداعظم محمد علی جناح نے پرامن جدوجہد اور اپنی قائدانہ خداداد صلاحیتوں کے ذریعہ مسلمانوں کو غلامی کے طوق سے آزادی کی نعمت سے مالامال کیا اور آج پاکستان دنیا کے نقشے پر نہ صرف عالم اسلام کا مضبوط مرکز ہے بلکہ دہشت اور وہشت کو جڑ سے اکھاڑنے کے لیئے فرنٹ لائن کی فیصلہ کن جنگ لڑ رہا ہے بانی پاکستان نے بلارنگ و نسل مذہبی منافرت، سیاسی دنگل، صوبائی اور لسانی تعصب سے بالا تر ہو کر پاکستانیت اور انسانیت کے جذبوں کو فروغ دے کر امن ، آتشی، صبر، برداشت اور وضع داری کا درس دیا تھا جس کو آج ہم من حیث القوم فراموش کر کے تنزلی کا شکار ہو چکے ہیں جس طرح قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو اور دختر مشرق محترمہ بے نظیر بھٹو شہید نے بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح اور مصور پاکستان ڈاکٹر علامہ محمد اقبال کے ارشادات و فرمودات کے مطابق قوم کو متحد و منظم کیا آج اسی علم کو لے کر پیپلزپارٹی کے جواں سال چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، شریک چیئرمین سابق صدر پاکستان آصف علی زرداری، سیاسی امور کی چیئرپرسن محترمہ فریال تالپور، وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری عبدالمجید قومی مفاد کے لیئے قومی مفاہمت کی پالیسیوں کے لیئے عمل پیرا ہیں، شوکت جاوید نے کہا کہ اللہ کی ذات نے موقع دیا تو آئندہ سال پورے آزادکشمیر میں ہفتہ قائداعظم محمد علی جناح سرکاری سطح پر منایا جائے گا اور سرکاری، غیر سرکاری تعلیمی اداروں سمیت تمام محکمہ جات میں قومی تقریبات کا انعقاد کروائیں گے اور افکار قائد کی ترویج کے لیئے منفرد کردار ادا کرنے والی مختلف شخصیات کو میڈلزدیئے جائیں گے جو نظریہ استحکام پاکستان کی حقیقی خدمت کا عملی مظاہرہ ہو گا بانی پاکستان کے یوم ولادت کے موقع پر بہادر افواج پاکستان اور سانحہ پشاور کے شہداء کے غمزدہ خاندانوں سے اظہار یکجہتی کے لیئے ہاتھوں میں ہاتھ ڈال کر انسانی ہاتھوں کی زنجیر اور دو منٹ کی خاموشی اختیار کی جائے گی، انہوں نے کہا کہ 25دسمبر کو آزادکشمیر کی تمام سیاسی پارٹیاں، وکلاء ،طلباء، تاجر، سول سوسائٹی اور صحافتی تنظیمیں باہمی اشتراک سے قائد کا یوم ولادت اس تجدید عہد سے منائیں کہ کشمیر آزاد ہو کر پاکستان کے ساتھ شامل ہونے تک منزل ادھوری ہے۔

متعلقہ عنوان :