کراچی ،مختلف علاقوں میں بارش کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ

منگل 23 دسمبر 2014 15:55

کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 23 دسمبر 2014ء) شہر قائد کے مختلف علاقوں میں بارش کے باعث سردی کی شدت میں مزید اضافہ جبکہ سڑکوں پر پھسلن کے باعث موٹر سائیکل اور دیگر گاڑیاں الٹنے کے نتیجے میں ڈیڑھ درجن سے زائدافراد زخمی ہو گئے۔ تفصیلات کے کراچی کے مختلف علاقوں میں منگل کی صبح اچانک کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش ہوئی ہے، جن علاقوں میں بارش ہوئی ان میں آئی آئی چندریگرروڈ، برنس روڈ، صدر، رنچھوڑلائن، جوڑیا بازار، گارڈن، فیڈرل بی ایریا، ناظم آباد، کارساز، ڈیفنس اور کلفٹن شامل ہیں۔

بارش کے باعث سڑکوں پر پھسلن سے متعدد موٹر سائیکل سوار گر کر زخمی ہوگئے تاہم کسی قسم کا سنگین حادثہ پیش نہیں آیا ۔پولیس کے مطابق بلدیہ رئیس گوٹھ میں تیز رفتار بس الٹ گئی جس کے نتیجے میں 5افراد زخمی ہو گئے، جبکہ اسٹار گیٹ اور کالونی گیٹ پر موٹر سائیکل گرنے کے نتیجے میں 4افراد زخمی ہوئے اسی طرح کورنگی سنگر چورنگی کے قریب حادثے میں 3افراد زخمی ہو ئے جنہیں ایمبولینس کے ذریعے اسپتال پہنچایا گیا ہے۔

(جاری ہے)

بارش کے بعد شہر میں ٹھنڈی ہواؤں نے ڈیرے ڈال لئے ہیں جس نے سردی کی شدت میں اضافہ کردیا ہے۔بارش کے باعث شہر کے متعدد فیڈر ٹرپ کرگئے ہیں جس کی وجہ سے مختلف علاقوں کی بجلی معطل ہوگئی ہے، کے الیکٹرک انتظامیہ کا کہنا ہے کہ فنی خرابی کو دور کرنے کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں جلد ہی بجلی کی فراہمی بحال کردی جائے گی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق موسم سرما کی پہلی بارش کہیں ہلکی اور کہیں تیز ہوئی ہے جبکہ مطلع ابر آلود رہے گا۔ ہلکی بارش اور تیز بارش کا سلسلہ تمام دن جاری رہنے کا امکان ہے۔ مزید یہ کہ موسم کی سرد ہواوں سے متاثرہ لوگوں نے چائے خانوں میں رش بڑھ گیا ہے۔

متعلقہ عنوان :