حکومت آزاد کشمیر میں بلا تخصیص میگا ترقیاتی منصوبے مکمل کر رہی ہے،سید بازل علی نقوی

پیر 19 جنوری 2015 17:11

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 19 جنوری 2015ء) آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر کے وزیر اطلاعات، زراعت و امور حیوانات سید بازل علی نقوی نے کہا کہ حکومت آزاد کشمیر میں بلا تخصیص میگا ترقیاتی منصوبے مکمل کر رہی ہے۔ کامسر سے چھتر پانی تک دورویہ سڑک کی تعمیر کیلئے وفاقی حکومت نے ساڑھے پانچ ارب روپے کی منظوری دیدی ہے۔ یہ منصوبہ منگلا تاؤبٹ دویہ سڑک تعمیر کرنے کی پروگرام کا حصہ ہے۔

وہ پیر کے روز مقامی ہوٹل میں ”کیپٹل جرنلسٹس فورم“ کے نئے عہدیداران کی تقریب حلف برداری کے بعد میڈیا سے بات چیت کر رہے تھے۔ اس موقع پر سیکرٹری اطلاعات سید ظہور الحسن گیلانی اور حلقہ نمبر 2 کے دیگر سیاسی عمائدین بھی موجود تھے۔ وزیر اطلاعات سید بازل نقوی نے کہا کہ قومی میگا پراجیکٹس کا خطہ کی عوام کی معیار زندگی اور ان کی معاشی ترقی و خوشحالی پر گہرے اثرات مرتب ہوں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کامسر سے چھتر پانی تک ڈبل سڑک کی تعمیر سے علاقے کے لوگوں کو سفری سہولتوں کی دستیابی کے علاوہ روزگار کے مواقع ملیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جب سے آزاد کشمیر میں پیپلز پارٹی کی حکومت قائم ہوئی ہے میگا ترقیاتی منصوبوں پر برق رفتاری سے کام جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ منگلا تا تاؤبٹ دو رویہ سڑک کی تعمیر سے خطہ کی معاشی تقدیر بدل جائے گی۔ اس کا سب سے زیادہ فائدہ دیگر علاقوں کی طرح نیلم، پٹہکہ، لچھراٹ، کہوڑی کے عوام کو ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ لچھراٹ ترقیاتی پیکج کے بعد کامسر تا چھتر پانی سڑک کے منصوبے پر اربوں روپے خرچ ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی فلاح و بہبود اور ترقی کی جتنی فکر پاکستان پیپلز پارٹی کو ہے کسی پارٹی کو نہیں۔

متعلقہ عنوان :