ظفر اکبر بٹ ، جاوید میر کی طرف سے شہید نوجوانوں کو زبردست خراج عقیدت

پیر 19 جنوری 2015 18:33

سرینگر( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 19 جنوری 2015ء) مقبوضہ کشمیرمیں کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنماؤں ظفر اکبر بٹ اور جاوید احمدمیر بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں شہید ہونیو الے کشمیری نوجوان اشفاق احمد کے سوگوار خاندان سے اظہار تعزیت کیلئے انکے گھر آرونی بیج بہاڑہ گئے ۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق اشفاق احمد کو بھارتی فوجیوں نے چند روز قبل تلاشی اور محاصرے کی ایک کارروائی کے دوران ضلع شوپیاں میں چار دوستوں کے ہمراہ شہید کر دیا تھا۔

حریت رہنماؤں نے شہداء کو زبردست خراج عقیدت پیش کیااور مزارشہدار جاکر انکی روح کے ایصال ثواب کیلئے دعا کی ۔ اس موقع پر لوگوں کی ایک بڑی تعداد خاص طور پر نوجوانوں بھی حریت رہنماؤں کے ساتھ تھے جنہوں نے آزادی کے حق میں نعرے بلند کئے ۔

(جاری ہے)

حریت رہنماء علاقے میں دیگر شہداء کے گھر بھی گئے اور انکے اہلخانہ سے اظہار ہمدردی کیا۔اس موقع پر ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے حریت رہنماؤں نے جدوجہد آزادی کو اس کے منطقی انجام تک جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا اور لوگوں پر زور دیاکہ وہ جدوجہدآزادی کے ساتھ بھرپور یکجہتی ظاہر کریں جس کیلئے لاکھوں کشمیریوں نے اپنی جانیں قربان کی ہے۔

انہوں نے مقبوضہ کشمیر میں بڑے پیمانے پر انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں کرنے پر بھارت اور اس کے فوجیوں کو بھی شدید تنقید کا نشانہ بنایا اورکہاکہ ظلم و جبر سے کشمیریوں کی حق پر مبنی تحریک آزادی کو سبوتاژ نہیں کیا جاسکتا۔انہوں نے کہا کہ بھارتی فوجی کشمیریوں کے قتل عام اور انہیں حراست کے دوران لاپتہ کر کے انسانی حقوق کی سنگین پامالیاں کر رہے ہیں اور ان پامالیوں کی بین الاقوانین کے تحت تحقیقات ہونی چاہئیں۔

انہوں نے انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں پر زوردیا کہ وہ دوران حراست لاپتہ ہزاروں کشمیریوں کی تحقیقات اور بھارت اور مقبوضہ علاقے کی مختلف جیلوں میں غیر قانونی طورپر نظربند سیاسی رہنماؤں کی رہائی یقینی بنائیں۔جموں وکشمیر سالویشن موومنٹ کی خواتین شاخ کی سیکریٹری رقیہ باجی بھی حریت رہنماؤں کے ہمراہ تھیں۔

متعلقہ عنوان :