ملک کو دہشتگردی سے پاک کرنے کیلئے ہم سب کو ملکر کام کرنا ہوگا،وائس چانسلر وفاقی اردو یونیورسٹی

ہفتہ 21 فروری 2015 20:43

کراچی(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار. 21 فروری 2015ء)ملک کو دہشتگردی سے پاک کرنے کیلئے ہم سب کو ملکر کام کرنا ہوگا اس بات کا اظہار وفاقی اردو یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ظفر اقبال نے ہیلپنگ ہینڈٹرسٹ کے تحت سانحہ پشاور میں شہید ہونیوالے بچوں کی یاد جامعہ اردو میں350پام ٹری پودے لگانے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ وفاقی ہم شہدائے سانحہ پشاور کے غم میں برابر کے شریک ہیں اور ان انکے دکھ کو محسوس کرتے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں جتنے بھی دہشتگردی کے واقعات ہوئے ہیں ان کی پرزور مذمت کرتے ہے۔ہم سانحہ پشاور میں شہید ہونیوالے بچوں کے نام سے منسوب پودے لگاکر ایک خوبصورت باغ بنائے گے جس کا نام باغ شہداء رکھا جائے گا۔رجسٹرار پروفیسر ڈاکٹر فہیم الدین نے جامعہ اردو کی جانب سے ہیلپنگ ہینڈٹرسٹ اور شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں اس طرح کے پروگرام دیگر تعلیمی اداروں میں منعقد کرنا چاہیے تاکہ طلباء و طالبات کو آگاہی حاصل ہو۔

(جاری ہے)

اس موقع پر میک آوش کے صدرمرزا اشتیاق بیگ، کرنل (ر) احتشام،صارم برنی،ایچ ایچ ٹی کے گورنر چیف انور منصور،چیئرمین محمد عارف ،حاجی حنیف طیب، طارق محبوب اور پنڈت علی مہاراج نے بھی خطاب کیا۔ مرزا اشتیاق بیگ نے کہا کہ دہشتگرد سمجھتے ہے کہ ہم نے معصوم بچوں کو شہید کرکے کامیابی حاصل کرلی ہرگز نہیں بلکہ ہمارے بچوں کے ارادے علم کے حصول کیلئے اور مضبوط ہوگئے ہیں۔

انور منصور نے کہا کہ شہید کو کبھی مردہ نہ کہو وہ زندہ ہے اور انہیں رزق بھی دیا جاتا ہے۔ایچ ایچ ٹی کے چیئرمین محمد عارف نے کہا کہ 16دسمبر2014 کو ہونیوالا سانحہ بہت المناک اور درد ناک تھا اسے کبھی فراموش نہیں کیا جاسکتا۔کرنل (ر) احتشام نے کہا کہ ہر سانحہ کے بعد ہمیں سوچنا چاہیے کہ یہ کیوں پیش آیا ہماری کیا غلطیاں ہیں ۔ اس صورتحال سے نمٹنے کیلئے ہمیں ٹریننگ پروگرام شروع کرنا چاہیے اورہمیں اپنی درسگاہوں کی حفاظت خود کرنا ہوگی۔

صارم برنی نے کہا کہ میری خواہش ہے کہ ہمیں اپنی گفتار کو اچھے اندازمیں پیش کرنا ہوگا اور فرقہ واریت سے نکل کر اس ملک کیلئے مثبت کام کرے ۔حاجی حنیف طیب نے کہا کہ تمام تعلیمی اداروں میں اساتذہ اور طلباء کو نبرد آز ما ہونے کیلئے تربیتی کوروسز کا اہتمام کرنا چاہیے ۔ ہم سب پاک آرمی کے ساتھ ملکر دہشتگردی کے خاتمے کیلئے پر عزم ہیں۔طارق محبوب نے کہا کہ پاکستان اس وقت حالت جنگ میں ہیں ۔اس طرح کے سانحات ہمارے مقدر بنتے جارہے ہیں جس کا سدباب انتہائی ضروری ہے۔پنڈت علی مہاراج نے کہا کہ ہم سب پہلے انسان اور پھر پاکستانی ہے ہمیں انسانیت کو ہرگزنظر انداز نہیں کرنا چاہیے۔ پشاور کے سانحے پر ہم شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں اور پاکستانی بھائیوں کے ساتھ اس غم میں شریک ہیں۔