چودھری عبدالمجید تاریخ کے جھوٹے وزیراعظم ہیں ،میرپور میں بیٹھ کر غیور لوگوں کے ضمیر خریدنے کی کوشش کی جارہی ہے، بیرسٹر سلطان محمود

بدھ 25 فروری 2015 17:45

میرپور (اردپوائنٹ۔تازہ ترین اخبار ۔25 فروری 2015) آزاد کشمیر کے سابق وزیر اعظم و کشمیر پی ٹی آئی کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ چوہدری مجید تاریخ کا سب سے جھوٹا وزیراعظم ہے۔ پروٹیکشن فورم میرپور کے ساتھ چوہدری مجید نے قرآن پرہاتھ رکھ کر ووعدہ کرکے بعد میں اس وعدے سے منحرف ہوگیا۔ گزشتہ اٹھارہ دنوں سے وزیراعظم میرپور کے اندر بیٹھ کر میرپور کے غیور لوگوں کے ضمیر خریدنے کی کوشش کررہا ہے۔

مختلف جگہوں پر جا کر وزیراعظم لاکھوں روپے کے فنڈز کے اعلانات کررہا ہے۔ ملازمین کو کوارٹر الاٹ کرنے کے وعدے کیے جا رہے ہیں۔ یہ وعدے جھوٹ کا پلندہ ہیں۔ میں پہلے بھی کہہ چکا ہوں۔ اب پھر کہتا ہوں چیف الیکشن کمشنر اس بارے میں نوٹس لیکر فوری طور پر اقدامات کرے۔

(جاری ہے)

لوگ مشتعل ہو رہے ہیں۔ زیادہ دیر تک لوگ اپنے جذبات پر قابو نہیں رکھ پائیں گے۔

میرپور کے اندر سونامی کی لہریں کرپشن کے محلات تک جا پہنچی ہیں ۔ بہت جلد یہ لہریں ان محلات کو بہا کر ماضی کا قصہٴ پارینہ بنا دیں گے۔ تحریک انصاف آزادکشمیر کے اندر نوجوانوں کو بااختیار اور فعال بنانا چاہتی ہے۔ نوجوان تحریک انصاف کا قیمتی اثاثہ ہیں۔ موجودہ الیکشن میں نوجوانوں کا کردار بہت اہم اور فیصلہ کُن ہوگا۔ زرداری اور نواز شریف کے ملازمین اب میرپور کے اندر اپنا گھنائنا کھیل نہین کھیل سکتے۔

لوگوں کو سیاسی شعور آچکا ہے۔ عمران خان کے تبدیلی کے نعرے کو آزادکشمیر میں بھی زبردست پذیرائی مل رہی ہے۔ لوگ جوک در جوک تحریک انصاف میں شامل ہو رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے G/1میں انتخابی میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انتخابی میٹنگ سے پی ٹی آئی کے ضلعی صدر قمر چوہدری اور فیاض بٹ نے بھی خطاب کیا۔ قبل ازیں بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے C/1میں ایک انتخابی میٹنگ سے خطاب کیا جس کی صدارت چوہدری شوکت محمود نے کی جبکہ محمد بشیر، حاجی غفار اور افتخار احمد نے انتخابی میٹنگ سے خطاب کیا۔

اس کے علاوہ بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے یوتھ ونگ کے دفتر کا بھی افتتاح کیا۔ اس موقع پر یوتھ ونگ کے مرکزی رہنماؤں سکندر بیگ، چوہدری عباس، سردار عاطف، دانش، اشتیاق شیخ اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے انتخابی میٹنگز سے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ 11مارچ کو تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان میرپور کے اندر عوام کے ٹھاٹھیں مارتے ہوئے عوامی سمندر سے خطاب کریں گے۔

تحریکِ انصاف کا یہ جلسہ نہ صرف آزادکشمیر کی تاریخ کا سب سے بڑا جلسہ ہوگا بلکہ پاکستان کے مختلف شہروں میں منعقد کیے گئے تحریک انصاف کے جلسوں کے سابقہ ریکارڈ بھی 11مارچ کو ٹوٹ جائیں گے۔ میں میرپور کے غیور عوام بالخصوص نوجوانوں اور خواتین سے اس جلسے میں بھرپور شرکت کی اپیل کرتا ہوں۔ ہمارے مخالفین ہمارے خلاف اکٹھے ہو رہے ہیں۔ ہمارے کارکنان کو تحریک انصاف کے متوالوں کو بھی اب صف آراء ہوکر مخالفین سے فیصلہ کن جنگ کے لئے خود کو ہر لمحہ تیار رکھنا ہوگا۔

چوہدری مجید بحیثیت وزیراعظم الیکشن مہم چلا رہا ہے۔ گزشتہ اٹھارہ دنوں سے وہ اپنے تمام ریاستی وسائل کے ساتھ انتخابی مہم میں مصروف عمل ہے۔ دارلخلافہ مظفر آباد میں اس وقت کوئی حکومتی وزیر موجود نہیں۔ تمام حکومتی معاملات کو پسِ پشت ڈال کر وزیراعظم میرے حلقہٴ انتخاب میں آن بیٹھے ہیں۔ ضابطہ اخلاق کی دھجیاں اڑائی جا رہی ہیں۔ مختلف سرکاری اداروں میں جا کر اور مختلف تقریبات میں جا کر لاکھوں روپے کے فنڈز کا اعلان کیا جا رہا ہے۔

پچھلی تاریخوں پر تقرریوں کے آرڈر کیے جا رہے ہیں۔ مسلم کانفرنس کے امیدوار کو 6کروڑ روپے دے کر خرید لیا گیا ہے۔ لوگوں کو ملازمتوں کے دلفریب وعدے دے کر اُن کے ضمیر کو خریدا جا رہا ہے۔ اس ساری صورتحال پر تحریک انصاف کے کارکنان خاموش نہیں بیٹھیں گے۔ اگر چیف الیکشن کمشنر نے اس بارے فوری طور پر نوٹس نہ لیا تو آنے والے دنوں میں حالات کی سنگینی کا اندازہ نہیں لگایا جا سکتا۔

متعلقہ عنوان :