ضمنی الیکشن میں سرکاری وسائل استعمال کئے جارہے ہیں نہ ہی سرکاری ملازمین کو ڈھال بنا کر سیاست کی ،چوہدری عبدالمجید

منگل 10 مارچ 2015 17:03

میرپور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔10مارچ۔2015ء) وزیراعظم آزادحکومت ریاست جموں وکشمیرچوہدری عبدالمجید نے کہاہے کہ ضمنی الیکشن میں کوئی سرکاری وسائل استعمال نہیں کیے جارہے اور نہ ہی میں نے سرکاری ملازمین کو ڈھال بنا کر سیاست کی ہے ۔ ضمنی الیکشن صاف اور شفاف اور مقررہ وقت پر ہونے چاہیں ۔ ضمنی الیکشن میں کسی کوبدمعاشی نہیں کرنے دیں گے ہم جمہوری لوگ ہیں ۔

ووٹ کی پرچی پر یقین رکھتے ہیں۔ووٹ کی پرچی کے ذریعے ہی تبدیلی لانا چاہتے ہیں۔برادری ازم کو مذہب سمجھنے والوں اور سیاسی کلبوں کو توڑ دیا ہے ۔میرپور سمیت پورے آزادکشمیرکے عوام کے حقوق کا چوکیدار ہوں ۔خدمت خلق کو ایمان کا حصہ سمجھتا ہوں ۔جنوب ایشیاء کی سب سے بڑی اسلامی یونیورسٹی اور ملٹری کالج میرپور میں بنا رہا ہوں ۔

(جاری ہے)

کچی آبادی کے مکینوں کو ضمنی الیکشن سے پہلے مالکانہ حقو ق دینے کا وعدہ کیا تھا۔

چتر پڑی ،خالق آباد،کاکڑہ ٹاؤنزکو حقوق ملکیت دے دیئے ہیں جبکہ بقیہ رہ جانے والی تمام کچی آبادی کے مکینوں کو مالکانہ حقوق دیں گے ۔ملازمین کے لیے نئی رہائشی کالونی بنائیں گے۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے ایک پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔وزیر اعظم نے کہا کہ میرپور اولیاء کرام کی دھرتی ہے ۔اہلیان میرپور کی پاکستان کے ساتھ جذباتی وابستگی ہے ۔

میں وزیراعظم نہیں چوکیدار کی حیثیت سے فرائض سرانجام دے رہاہوں ۔وزیر اعظم نے کہا کہ میں ریاست کا چیف ایگزیکٹیو اور پیپلزپارٹی آزادکشمیر کا صدر ہوں۔میرے نز دیک برادری اور قبیلے کی کوئی اہمیت نہیں ہے ۔میں خود ایک متوسط طبقہ سے تعلق رکھتا ہوں میں نے آزادکشمیر میں سب سے زیادہ فوکس تعلیم پر دیا ۔آزادکشمیر میں 3میڈیکل کالجز اور 5یونیورسٹیاں بنائیں۔

وزیر اعظم نے کہا کہ میڈیکل کالج میں پاکستان کی اعلیٰ پائے کی فیکلٹی موجود ہے بن خرماں، نیوسٹی سمیت تمام آبادیوں کو سوئی گیس دیں گے بے روزگاری کے خاتمے کے لیے آزادکشمیر اور بالخصوص میرپور میں انڈسٹریز کو فروغ دینے کے لیے ٹیکسوں میں خصوصی چھوٹ دیں گے ۔انھوں نے کہا کہ میرے دروازے 24گھنٹے عوامی کے لیے کھلے ہیں۔انھوں نے کہا کہ چوہدری محمد اشرف کا دامن صاف ہے اور وہ بھاری اکثریت سے کامیاب ہوں گے لوگ خود بخود گھروں سے نکل کر ان کی حمایت کر رہے ہیں ایک سوال کے جواب میں انھوں نے کہا کہ بیرسٹر سلطان نے چھوٹی سے عمرمیں اقتدارکے لیے 6 جماعتیں تبدیل کیں۔

انھوں نے کہاکہ پیپلزپارٹی ایک سمندر ہے یہاں سے جتوئی اورکھرگئے تو ان کا سیاست میں نام ونشان باقی نہیں رہا۔ انھوں نے کہاکہ سیاسی سوداگروں کو اہلیان میرپورنے مسترد کردیاہے ۔ انھوں نے کہاکہ ہم ضمنی الیکشن صاف اور شفاف طریقے سے کروانے کے خواہشمند ہیں ۔ ضمنی الیکشن کو ملتوی نہیں کروانا چاہتے ضمنی الیکشن مقررہ وقت پر ہی ہونگے ۔ انھوں نے کہاکہ میرپورآزادکشمیرکے ماتھے کا جھومرہے اسے مزید خوبصورت بنائیں گے۔

متعلقہ عنوان :