تاجر برادری میری قوت بازو ہے‘ ان کے مسائل حل کرنے کیلئے بھرپور جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں‘ میرپور شہر کے مسائل حل کرنا حکمرانوں کے فرائض میں شامل ہے

چیف آرگنائزر آل آزاد کشمیر مرکزی انجمن تاجران چوہدری محمد نعیم کا تاجروں سے خطاب

منگل 7 اپریل 2015 16:58

میرپور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔07 اپریل۔2015ء) چیف آرگنائزر آل آزاد کشمیر مرکزی انجمن تاجران اور صدر مرکزی انجمن تاجران میرپور چوہدری محمد نعیم نے کہا ہے کہ تاجر برادری میری قوت بازو ہے۔ ان کے مسائل حل کرنے کے لیے بھرپور جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں۔ میرپور شہر کے مسائل حل کرنا حکمرانوں کے فرائض میں شامل ہے۔ شہر کی تمام سڑکیں کھنڈرات کا منظر پیش کر رہی ہیں۔

جگہ جگہ گھڑے پڑ ے ہوئے ہیں۔ میونسپل کارپوریشن شہر میں صحت و صفائی کی میعاد برقرار رکھنے میں ناکام ہے۔ شہر بھر میں آوارہ جانوروں کا راج ہے۔ جگہ جگہ آوارہ جانوروں کی وجہ سے نہ صرف تاجروں بلکہ شہریوں کو خاصی مشکلات کا سامنا ہے۔ مگر میونسپل کارپوریشن ٹس سے مس نہیں۔ سیکٹر ایف ون کوٹلی روڈ پر تاجروں کی دوکانوں کے سامنے ریڑھی بانوں نے قبضہ جما رکھا ہے۔

(جاری ہے)

پیدل چلنے والوں کے لیے مشکلات بڑھ چکی ہیں۔ کوئی اس طرف توجہ نہیں دے رہا۔ تجارت عظیم پیشہ ہے۔ تاجر خلوص نیت سے اپنا کاروبار کریں ۔خداوندکریم بڑی برکتیں عطا فرماتا ہے۔ تاجر اربوں روپے ٹیکس کی مدمیں قومی خزانے میں جمع کرواتے ہیں۔ اس ٹیکس کا ایک حصہ بھی اگر تاجروں کے مسائل پر لگا یا جائے تو تاجروں کے مسائل حل ہوسکتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے چغتائی پلازہ میں کاروباری سنٹر النور کولیکشن کی افتتا حی تقریب میں تاجروں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

چوہدری محمد نعیم نے کہا کہ میرپور شہر کے مسائل کو حل کئے بغیر ترقی ممکن نہیں ۔ بجلی کی لوڈشیڈنگ کو ختم نہ کیا گیا تو سخت احتجاج کرنے پر مجبور ہو سکتے ہیں۔ قبل ازیں چوہدری محمد نعیم اور ان کے ہمراہ انجمن تاجران کے مرکزی قائدین نائب صدر انجمن تاجران شیخ حمید الحق، صدر اسٹیڈیم مارکیٹ محمد فاروق چوہان، چوہدری مظہر چوہان، چوہدری جمیل ایڈووکیٹ، چوہدری عاشق، ضیاء اللہ خان، ذکا اللہ جوشی، فرخ خان، اور دیگر معزز مہمان تقریب میں پہنچے تو میزبان تقریب چوہدری ریاض ایڈووکیٹ ، فیصل فریاد، قمر الطاف، عثمان ریاض، محمد عمر، محمد فرحت، پرویز اقبال اور وہاں پر موجود تاجروں کی بڑی تعداد نے چوہدری محمد نعیم اور دیگر معزز مہمانوں کا استقبال کیا۔

پھولوں کے ہار پہنائے گئے ،۔چوہدری محمد نعیم نے کاروباری سنٹر کا افتتا ح کیا۔ دعا کی اور کاروباری سنٹر کے مالک کو دلی مبارکباد پیش کی۔

متعلقہ عنوان :