وفاقی دارالحکومت سمیت مختلف علاقوں میں بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا

جمعرات 16 اپریل 2015 11:37

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 16اپریل۔2015ء) وفاقی دارالحکومت سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں ہونے والی بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا ، مری اور آزاد کشمیر میں رم جھم سے سیاحوں کے چہرے کھل اٹھے ، مردان اور صوابی میں ژالہ باری سے فصلات کو نقصان پہنچا، موسلا دھار بارش سے نشیبی علاقے پانی میں ڈوب میں گئے، دریائے نیلم اور دریائے جہلم میں پانی کی سطح میں اضافہ ہوگیا،محکمہ موسمیات نے آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران آزاد کشمیر میں مزید بارش کی پیش گوئی کی۔

اسلام آباد اور راولپنڈی میں گزشتہ روز سے جاری بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔ موسلا دھار بارش سے نشیبی علاقے پانی میں ڈوب میں گئے۔ مردان اور صوابی میں بھی بارش اور ژالہ باری سے خنکی بڑھ گئی ۔سڑکیں اور گلیاں ندی نالوں کا منظر پیش کرنے لگیں۔

(جاری ہے)

مری میں کئی روز کے گرم موسم کے بعد سرد ہوائیں چلیں تو سیاحوں کے چہرے کھل اٹھے۔ کچھ دیر بعد ہی گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش نے جل تھل ایک کر دیا۔

بارش اورژالہ باری سے خنکی میں بھی اضافہ ہو گیا۔ مظفرآباد سمیت آزاد کشمیر کے کئی علاقوں میں بھی بارش کے بعد گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔ چکار ، چناری اور چکوٹھی میں بھی مینہ جم کر برسا۔ دریائے نیلم اور دریائے جہلم میں پانی کی سطح میں اضافہ ہوگیا۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران آزاد کشمیر میں مزید بارش کی پیش گوئی کی ۔ گوجرانوالہ ، سرگودھا ، پشاور، کوہاٹ ، بنوں ، بالائی فاٹا ، مالاکنڈ ، ہزارہ اور گلگت بلتستان میں تیز ہواوٴں کے ساتھ بادل برس سکتے ہیں۔

دوسری طرف ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک اور گرم رہا۔ پنجاب ، سندھ ، خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے اکثر شہروں میں سورج دن بھر آنکھیں دکھاتا رہا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق گرمی کی شدت آئندہ چند روز تک برقرار رہے گی۔

متعلقہ عنوان :