جبر واستبداد کے دیگر ہتھکنڈوں سے کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو ہرگز دبا نہیں سکتا شبیر شاہ

کشمیری تحریک آزادی کیخلاف بھارت کی بڑھتی ہوئی سازشوں کا بھرپور مقابلہ کریں گے  بیان

جمعہ 17 اپریل 2015 21:29

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 17اپریل۔2015ء) مقبوضہ کشمیرمیں سینئر حریت رہنما اور ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی کے سربراہ شبیر احمد شاہ نے کہا ہے کہ بھارت بے گناہ نوجوانوں کے قتل ، غیر قانونی نظر بندیوں اور جبر واستبداد کے دیگر ہتھکنڈوں سے کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو ہرگز دبا نہیں سکتا  کشمیری تحریک آزادی کیخلاف بھارت کی بڑھتی ہوئی سازشوں کا بھرپور مقابلہ کریں گے۔

شبیر احمد شاہ نے، جنہیں قابض انتظامیہ نے جمعہ کو سرینگر میں گھر میں نظر بند کر دیا، ایک بیان میں کہا کہ کشمیریوں کے حوصلے بلند ہیں اور وہ لاکھوں شہداء کے خون کو ہرگز رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔ انہوں نے خبر دار کیا کہ بھارت کی بڑھتی ہوئی چیرہ دستیوں کے انتہائی خطرناک نتائج نکلیں گے اور کشمیری اپنے نوجوانوں کے بہیمانہ قتل پر ہرگز خاموش نہیں بیٹھیں گے۔

(جاری ہے)

شبیر احمد شاہ نے کہا کہ بھارت کو چاہیے کہ وہ ہٹ دھرمی کا راستہ ترک کر کے جموں وکشمیر میں رائے شماری کے لیے اقدامات کرے ۔ انہوں نے شہیدخالد مظفر وانی اور شہید محمد یونس گنائی کو خراج عقیدت ادا کرنے کے لئے ترال چلو پروگرام پر پابندی کے قابض انتظامیہ کے اقدام پر اپنے شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایک طرف بے گناہ نوجوانون کو قتل کیا جاتا ہے جبکہ دوسری طرف شہریوں کو اپنے پیاروں کے قتل پر احتجاج کی بھی اجازت نہیں دی جاتی۔

انہوں نے بارہمولہ سب جیل میں نظر بندبشیر احمد بخاری کی جیل حکام کے ہاتھوں مارپیٹ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اگر مجرموں کے خلاف کاروائی نہیں کی گئی تو اس کے سنگین نیتیجے برآمد ہوں گے ۔ انہوں نے تحریک آزادی کی بھر پور سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھنے پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔ دریں اثنا ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی نے شہید ایس حمید کو ان کے 17ویں یوم شہادت پر شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہید کی تحریک آزادی کے حوالے سے خدمات ہرگز فراموش نہیں کی جاسکتیں۔ فریڈم پارٹی کے ترجمان نے شبیر احمد شاہ ، سید علی گیلانی کی نظر بندی اور مسرت عالم کی گرفتاری کی بھی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے قابض انتظامیہ کی بوکھلاہٹ قرار دیا۔

متعلقہ عنوان :