سرینگر ،جموں وکشمیرلبریشن فرنٹ کے زیر اہتمام سیمینار کا انعقاد، مختلف مکتبہ فکر کے لوگوں کی شرکت

پیر 20 اپریل 2015 20:36

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 20اپریل۔2015ء) جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ کے زیر اہتما م چیئرمین محمد یاسین ملک کی صدارت میں منعقدہ سیمینار میں کشمیری پنڈتوں، سکھوں عیسائیوں اور مسلمانوں سمیت مختلف آزادی پسندسیاسی جماعتوں،مذہبی اور سماجی تنظیموں، دانشوروں ، ماہرین تعلیم، شعراء اور سول سوسائٹی کے ارکان نے شرکت کی۔سیمینار میں کہا گیا کہ کشمیربلا لحاظ مذہب وملت تمام کشمیریوں کا ہے اور 1947,1965,1971اور1990ء میں کشمیر سے ہجرت کرنے والے تما م کشمیریوں کویہ حق حاصل ہے کہ وہ علاقے میں کسی بھی جگہ پر عزت و احترام اور حفاظت کے ساتھ رہائش اختیارکریں۔

سیمینار میں کہا گیا کہ1990ء میں ہجرت کرنے والے کشمیری پنڈتوں کو اپنے آبائی گھروں میں واپس آجانا چاہئے اور کشمیری سماج میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور بھائی چارے کو پھر سے بحال کرنے کیلئے ان کی واپسی کا خیر مقدم کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

سیمینار میں کہا گیا کہ کشمیری پنڈتوں کیلئے الگ بستیاں قائم کرنا کشمیری مسلمانوں، پنڈتوں، سکھوں اور عیسائیوں کیلئے ناقابل قبول ہو گا کیونکہ اس سے مختلف فرقوں کے درمیان نفرت کی دیوارں پیدا ہونگی اور صدیوں پرانے بھائی چارے کو نقصان پہنچے گا۔

مقررین نے کہا کہ کشمیری مسلمانوں اور پنڈتوں کو دوسرے فرقوں کے ساتھ مل کر کشمیریوں پر ڈھائے جا رہے مظالم کا مقابلہ کرنا چاہئے۔ آخر پر جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمدیاسین ملک نے شرکاء کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے بارایسوسی ایشن کے صدر میاں عبدالقیوم کی درخواست پر تیس گھنٹے طویل بھوک ہڑتال ختم کر دی۔

متعلقہ عنوان :