شاعر مشرق ڈاکٹر محمد اقبال نے اپنے کلام کے ذریعے قوم میں خودی اور شعور بیدارکیا ،اقبال کی زندگی خوف خدا و عشق مصطفی سے سرشار ہے ،کلام اقبال قرآن وحدیث کا مجموعہ جسے اپنا کر ہی درپیش مسائل و مصائب سے نجات مل سکتی ہے

مجید نظامی فورم کے زیر اہتمام علامہ اقبال ؒ کے 77 ویں یوم وفات پر منعقدہ تقریب سے مقررین کا خطاب

منگل 21 اپریل 2015 18:41

میرپور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 21اپریل۔2015ء ) شاعر مشرق ڈاکٹر محمد اقبال نے اپنے کلام کے ذریعے قوم میں خودی اور شعور بیدارکیا ،اقبال کی زندگی خوف خدا و عشق مصطفی سے سرشار ہے ،کلام اقبال قرآن وحدیث کا مجموعہ جسے اپنا کر ہی درپیش مسائل و مصائب سے نجات مل سکتی ہے ، ان خیالات کا اظہار ڈاکٹر مجید نظامی فورم کے زیر اہتمام شاعر مشرق ڈاکٹر محمد اقبال ؒ کے 77 ویں یوم وفات کے موقع پر منعقدہ تقریب سے مختلف مقررین نے اظہار خیال کرتے ہوئے کیا ،تقریب سے مہمان خصوصی مظفر علی ظفر ایڈووکیٹ صدر ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن میرپور، صدر تقریب چوہدری محمد سعید مرکزی سیکرٹری مالیات مسلم لیگ (ن) آزادکشمیر،کمشنر (ر)راجہ فضل الرحمن ، سابق صدر ڈسٹرکٹ بار و ممتاز قانون دان محمد ریاض انقلابی ایڈووکیٹ،کشمیر پریس کلب میرپور کے سابق صدر سید عابد حسین شاہ ، سابق جنرل سیکرٹری سجاد حیدر جرال،خطیب اعظم میرپور مولانامحمد اسلم نقشبندی ،ظہیر اعظم جرال کنونیئر ڈاکٹر مجید نظامی فورم کے علاوہ دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا،تقریب میں ڈائریکٹر سپورٹس راجہ کلیم اﷲ خان ، مہتمم راجہ انعام اﷲ ندیم ،سینئر صحافیوں خالد محمود انجم ، سردار عابد حسین ، ممتاز قانون دان عزیز الرحمن جرال ایڈووکیٹ، خالد انصاری کے علاوہ مختلف طبقہ فکر کے نمائندہ افرادا نے شرکت کی ،قبل ازیں تقریب کا آغاز مولانا محمد عمر نے تلاوت کلام پاک سے کیا ، مہمان خصوصی صدر ڈسٹرکٹ بار مظفر علی ظفر نے کہا کہ شاعر مشرق علامہ محمد اقبال ؒ کی شاعری کا مرکز ومحورمسلمانوں میں خودی اور شعورپیدا کرنا ہے آپ کاکلام قرآن وحدیث کا مجموعہ ہے آپ کے فرمودات کی روشنی میں سیاسی وسماجی معاملات میں کامیابی کی جانب بڑھا جاسکتا ہے اور ہم ہر جگہ سرخرو ہو سکتے ہیں آپ ہی کی تحریک پر بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناحؒ برطانیہ سے ہندوستان آئے اور پھر مسلم لیگ میں شامل ہو کر مسلماناں ہند کیلئے الگ وطن کی تحریک شروع کی۔

(جاری ہے)

صدر تقریب چوہدری محمد سعید نے اپنے خطاب میں کہا کہ ڈاکٹر محمد اقبال دنیا کے عظیم شاعر، مفکر اور محقق تھے اسی لیے آپ کو حکیم الامت بھی کہا جاتا ہے آپ کا تعلق ریاست جموں وکشمیر سے تھا جس بنا پر پوری کشمیری قوم کو فخر ہے آپ کے اندر کشمیر کی محبت اور درد کوٹ کوٹ کر بھر اہوا تھا آپ قیام پاکستان کے بعد مختصر زندگی پائی جس بنا پر قوم کی درست سمت راہنمائی نہ ہو سکی اور اوائل میں ہی پاکستان مسائل و مصائب کا شکار ہو گیا،چوہدری محمد سعید نے کہا کہ ڈاکٹر محمد اقبال کے فرمودات پر عمل پیرا ہو کر ہی ہم اپناکھویا ہوا مقام حاصل کر سکتے ہیں ، کمشنر (ر) راجہ فضل الرحمن نے شاعر مشرق ڈاکٹر محمد اقبال کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ فکر اقبال کا منبع وماخد قرآن وسنت ہے آپ کی شخصیت خوف خدا اور عشق رسول سے سرشار تھی مسلمانوں کی عظمت رفتہ پر توجہ دلاتے ہوئے ان میں خود اعتمادی اور شعور کو بیدار کیا ۔

سینئر قانون دان محم دریاض انقلابی ،ڈاکٹر مجیدنظامی فورم کے کنونیئر ظہیر اعظم جرال ، سابق صدرسید عابد شاہ ، سجاد حیدرجرال ، مولانا محمد اسلم نقشبندی نے شاعر مشرق کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ حکیم الامت کے فرمودات پر عمل کر ہی ہم کامیابی کی جانب بڑھ سکتے ہیں ، تقریب کے آخر میں ڈاکٹر محمد اقبال ؒکے درجات کی بلندی، مقبوضہ کشمیر کی آزادی ، پاکستان کی سالمیت و استحکام اور عالم اسلام کی سربلندی ،اتحاد ویکجہتی کیلئے خصوصی دعا کی گئی ۔

متعلقہ عنوان :