پولیس سمیت دیگر محکموں کے ایڈھاک ملازمین کو مستقل کرنے کے احکامات جاری کیے جائیں ‘عرصہ دراز سے ایڈہاک ملازمین کو مستقل نہیں کیا جا رہا‘بعض ایسے ملازمین ہیں جو ریٹائرمنٹ کے قریب پہنچ چکے ہیں اور ابھی تک مستقل نہیں ہوئے

تحریک انصاف آزادکشمیر کے بانی صدر ڈاکٹر لطف الرحمٰن کی بات چیت

بدھ 29 اپریل 2015 18:38

مظفرآباد ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 29اپریل۔2015ء ) تحریک انصاف آزادکشمیر کے بانی صدر ڈاکٹر لطف الرحمٰن نے کہا ہے کہ پولیس سمیت دیگر محکمہ جات کے جملہ ایڈھاک ملازمین کو مستقل کرنے کے احکامات جاری کیے جائیں ۔عرصہ دراز سے ایڈہاک ملازمین کو مستقل نہیں کیا جا رہا ۔بعض ایسے ملازمین بھی ہیں جو ریٹائرمنٹ کے قریب پہنچ چکے ہیں اور ابھی تک مستقل نہیں ہوئے ۔

موجودہ حکومت اپنے چہیتوں کو نوازنے میں مصروف ہے۔ریٹائر ہونے والے ملازمین اپنے بال بچوں کا پیٹ کیسے پالیں گے بڑھاپے کو پہنچ جانے کی وجہ اور کوئی محنت مشقت والا کام بھی نہیں کر سکتے ۔انہوں نے کہا کہ عارضی ملازمین کے ساتھ کی جانے والی ناانصافیاں بند کی جائیں بصورت دیگر پاکستان تحریک انصاف آزادکشمیر کے جملہ کارکنان سراپا احتجاج ہونگے ۔

(جاری ہے)

موجودہ حکومت نا اہل ہو چکی ہے ۔عوام و دیگر سیاسی جماعتوں کے کارکنان کے علاوہ محکمہ پولیس و دیگر ادارہ جات کے ملازمین بھی سراپا احتجاج نظر آ رہے ہیں لہٰذا حکومت کو اب گھر چلے جانا چاہیے ۔ڈاکٹر لطف الرحمٰن نے کہا کہ مستقبل پاکستا ن تحریک انصاف کا ہے اقتدار میں آ کر عوام سمیت جملہ سرکاری ملازمین کے ساتھ ہونے والی نا انصافیوں کا ازالہ کریں گے ۔

من پسند افراد کو نوازنے کا سلسلہ بند کیا جائے گا اور کرپٹ حکمرانوں کا احتساب کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان قوم کی تقدیر بدلنے کے لیے پی ٹی آئی کا ساتھ دیں ۔آج نوجوان اعلیٰ تعلیم یافتہ ہو کر بھی ریڑھیاں لگانے پر مجبور ہیں جبکہ سفارشی کلچر نے معاشرے میں اپنی جڑیں مضبوطی سے گاڑھ دی ہیں ۔نوجوان مایوسی کا شکار ہو کر خود سوزیوں پر مجبور ہو رہے ہیں ۔ریاست میں قدرت نے بے بہا وسائل فراہم کر رکھے ہیں مگر نا اہل حکمران ان وسائل سے فائدہ اٹھانے کی سکت نہیں رکھتے اور نہ ہی فائدہ اٹھانے کی کبھی کوشش کی ۔آج نوجوانوں کے ہاتھ میں ان کا مستقبل ہے آمدہ انتخابات میں اپنے مستقبل کی بہتری کو مد نظر رکھ کر ووٹ کی پرچی کا استعمال کریں ۔

متعلقہ عنوان :