زمرودہ حبیب کا بھارت کی مختلف جیلوں میں غیر قانونی نظربند کشمیریوں کی وادی کشمیر کی جیلوں میں منتقلی کا مطالبہ

عالمی برادری، ریڈکراس کمیٹی کشمیری نظر بندوں کی حالت زار کا جائزہ لے

منگل 5 مئی 2015 16:54

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 05 مئی۔2015ء) مقبوضہ کشمیر میں کشمیر تحریک خواتین کی سر براہ زمرودہ حبیب نے بھارت کی مختلف جیلوں میں غیرقانونی طور پر نظربند کشمیریوں کی وادی کشمیر کی جیلوں میں منتقلی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہاہے کہ انہیں سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہاہے ۔سرینگر سے جاری بیان میں زمرودہ حبیب نے جے پور راجستھان کی جیل میں نظربند لطیف احمد وازہ کی حالت زار پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ پچھلے 8ماہ سے سخت علیل ہیں اور طبی سہولیات سے محروم رکھا گیا ہے جبکہ ان کے لواحقین ان کی صحت کے حوالے سے سخت پریشان ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جے پور کے جیل حکام کشمیری نظر بندوں کو تشدد کا نشانہ بنا رہے ہیں اور ملاقات کیلئے آنیوالے ان کے اہل خانہ کو پریشان کیا جاتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہ نظربندوں کے لواحقین کشمیر سے جے پور اپنے عزیز وں سے ملنے جاتے ہیں تو انہیں لمبا انتظار کرانے کے بعدآھے گھنٹے کیلئے ملنے کی اجازت دی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مختلف جیلوں میں معصوم نوجوان جسمانی و ذہنی بیماریوں میں مبتلا ہو رہے ہیں اور اُن کا کوئی پرُسان حال نہیں جس کی وجہ سے ان کی جانوں کو خطرہ لا حق ہے۔

زمرودہ حبیب نے کہا کہ کشمیری حریت پسندوں کی نظربندی کو جان بوجھ کر طول دیاجا رہا ہے ۔ انہوں نے تمام کشمیری نظربندوں کیساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہیں اور ان کے لواحقین کو تنہا نہیں چھوڑا جائیگا۔انہوں نے عالمی برادری اور بین الاقوامی ریڈ کراس کمیٹی سے کشمیری نظربندوں کی حالت زار کا جائزہ لینے کی اپیل کی۔ انہوں نے بھارت کی مختلف جیلوں میں نظربند طارق احمد ڈار، محمود ٹوپی والا، لطیف احمد وازہ،غلام محمد بٹ ،علی محمد بٹ ، عبدلالغنی گونی، جاوید احمد خان ،مرزا نثار احمد سمیت تمام کشمیری نظربندوں کو کشمیرکی جیلوں میں منتقل کرنے کا مطالبہ کیا۔

متعلقہ عنوان :