مقبوضہ کشمیر میں تاجروں اور عام شہریوں پر تشدد اور طاقت کا وحشیانہ استعمال انہیں آزادی کے راستے سے نہیں ہٹا سکتا،چوہدری عبدالمجید

بدھ 6 مئی 2015 17:43

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 06 مئی۔2015ء) وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر چوہدری عبدالمجیدنے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں تاجروں اور عام شہریوں پر بھارتی تشدد اور طاقت کا وحشیانہ استعمال انہیں آزادی کے راستے سے نہیں ہٹا سکتا۔ حریت رہنماؤں کی گرفتاریاں جاری تحریک کو ختم نہیں کر سکتیں بھارت کشمیریوں کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حق خودارادیت دے تاکہ خطہ کے اندر امن اور استحکام آسکے۔

مہاجرین جموں وکشمیر کی تحریک تکمیل پاکستان میں لازوال قربانیاں ہیں ان کے مسائل کو بھی ترجیح بنیادوں پر حل کیا جا رہا ہے۔ وہ بدھ کے روز یہاں وزیراعظم سیکرٹریٹ میں عرفان بٹ، عبدالحمید، محمد اسماعیل کی قیادت میں ملنے والے وفد سے گفتگو کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر شوکت جاوید میر بھی موجود تھے۔ وفد نے وزیر اعظم کو مہاجرین کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا اور انہیں جلد حل کرنے کی اپیل کی۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم چوہدری عبدالمجید نے کہا کہ مہاجرین کشمیریوں کی حق خودارادیت کی تحریک کا حصہ ہیں اور ان کی تحریک تکمیل پاکستان کے لیے قربانیاں لازوال اور بے مثال ہیں۔ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مہاجرین جہاں بھی آباد ہوں انہیں تحریک آزادی سے علیحدہ نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ 1749 میں لاکھوں کی تعداد میں مہاجرین نے اپنا گھر بار چھوڑ کر کلمہ کی بنیاد پر پاکستان کا رخ کیا اور انتہائی سخت حالات کا سامنا کرنے کے باوجود بھی حق خودارادیت کے اپنی جدوجہد جاری رکھی ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی جس کی بنیاد ہی مسئلہ کشمیر پر رکھی گئی نے مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے کشمیریوں کے حق خودارادیت کی تحریک کو ملکی اور بین الاقوامی سطح پر اجاگر کیا۔ پیپلز پارٹی کے منشور میں مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے پر امن جدوجہد کو شامل کیا گیا ہے موجودہ حکومت نے تحریک آزادی کشمیر پر آزا دکشمیر اور حریت کانفرنس میں شامل جماعتوں کو ایک پلیٹ فارم کل جماعتی کشمیر رابطہ کونسل کے پلیٹ فارم پر اکٹھا کیا جس سے تحریک آزادی کو نئی تقویت ملی ہے۔

وزیر اعظم چوہدری عبدالمجید نے کہا کہ بھارت کشمیریوں کے دلوں سے پاکستان کی محبت ختم کرنے کے ہزار جتن کر رہا ہے اور اس ضمن میں بھارت نے تمام حربے استعمال کر لیے مگر وہ کشمیریوں کا اعتماد اور دل جیتنے میں مکمل ناکام رہا ہے۔ انہوں نے کہا اس وقت مقبوضہ کشمیر میں طاقت کے وحشیانہ استعمال، تشدد، لاٹھی چارج اورگرفتاریوں کی نئی لہر آگئی ہے۔ بھارتی جبر اور تشدد کے خلاف تاجروں نے مکمل ہڑتال کر رکھی ہے جس کی حمایت سول سوسائٹی بھی کررہی ہے۔ بھارت اس ہڑتال سے خوف زدہ ہے اور کٹھ پتلی انتظامیہ تاجروں پر تشدد اورحریت قائدین کو گرفتار کر رہی ہے مگر اس کے تمام ہتھکنڈے مکمل طور پر ناکام ہو رہے ہیں

متعلقہ عنوان :