مسلم لیگی نوجوان جماعتی نظم و ضبط کی پابندی کریں ، راجہ فاروق حید

آزاد کشمیر کے آنے والے انتخابات میں یوتھ کا کردار انتہائی اہم ہو گا ،ضلع کوٹلی یوتھ ونگ کے صدر سے ملاقات

بدھ 6 مئی 2015 17:44

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 06 مئی۔2015ء) پاکستان مسلم لیگ(ن) آزاد جموں وکشمیر کے صدر راجہ محمدفاروق حیدر خان سے ضلع کوٹلی یوتھ ونگ کے صدر راجہ رضوان قیوم نے مظفرآباد میں ملاقات کی۔ملاقات میں راجہ رضوان قیوم نے صدر جماعت کو ضلع کوٹلی کی تازہ ترین سیاسی صورتحال اور بالخصوص یوتھ ونگ ضلع کوٹلی اور حلقہ4-چڑہوئی کے معاملات سے آگاہ کیا۔

راجہ محمد فاروق حیدر خان نے راجہ رضوان قیوم کو ہدایت کی کہ وہ کوٹلی میں یوتھ کے نوجوانوں متحرک کریں اور آزاد کشمیر کے آمدہ الیکشن کی ابھی سے تیاریاں شروع کر دیں آنے والا دور مسلم لیگ(ن) کا ہے اور مسلم لیگ(ن) یوتھ کے مسائل ترجیح بنیادوں پر حل کرے گی۔راجہ محمد فاروق حیدر خان نے راجہ رضوان قیوم اور دیگر مسلم لیگی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگی نوجوان جماعتی نظم و ضبط کی پابندی کریں اور اپنی صفوں میں اتحاد برقرار رکھیں آزاد کشمیر کے آنے والے انتخابات میں یوتھ کا کردار انتہائی اہم ہو گا اور آزاد کشمیر کی نوجوان نسل کو اس موقع کی نزاکت کو سمجھتے ہوئے اپنے بہتر مستقبل کیلئے مسلم لیگ(ن) کی کامیابی میں اپنا بھرپور حصہ ڈالنا چاہیے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کے نوجوانوں کو بے شمار چیلنجز کا سامنا ہے لیکن حکومتی عدم دلچسپی اورمناسب تربیت کی کمی وجہ سے آزاد کشمیر کے نوجوان ملکی ترقی میں پوری طرح اپنا کردار ادا کرنے سے قاصر ہیں اور غربت ، مہنگائی اورباعزت روزگارنہ ہونے کی وجہ سے آزاد کشمیر میں آبادی کا بڑا حصہ وقت سے پہلے اپنے معاشی مسائل کرنے میں مصروف ہو جاتا ہے اور غیر تعلیم یافتہ نوجوانوں کے ساتھ ساتھ آزاد کشمیر میں پڑھے لکھے نوجوانوں کو بھی بے شمار مسائل کا سامنا ہے اور ہمیں اس کا اچھی طرح اندازہ ہے۔

راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا کہ نوجوانوں کی فلاح و بہبود اور مناسب تربیت کی فراہمی مسلم لیگ(ن) کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور ہم وزیراعظم پاکستان محمد نواز شریف کے ویژن کے مطابق آزاد کشمیر میں یوتھ پالیسی کا نفاذ چاہتے ہیں کیونکہ جب تک نوجوان نسل کو اپنی درست سمت کا ادراک اور مناسب تعلیم و تربیت حاصل نہیں ہوتی وہ ملکی ترقی میں مثبت کردار ادا نہیں کرسکتے۔

راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) نوجوانوں کو مناسب تعلیم و تربیت کے ذریعے باعزت روزگار دینا چاہتی ہے، ہم آزاد کشمیر میں جلد از جلد بلدیاتی انتخابات کا انعقاد چاہتے ہیں تاکہ اقتدار و اختیارات کو نچلی سطح عوام تک پہنچایا جا سکے جس میں نوجوانوں کا مناسب حصہ ہو تاکہ مستقبل میں آزاد کشمیر کو ایک پڑھی لکھی اور نئی لیڈر شپ دستیاب ہو سکے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان کے پروگرام کے تحت نوجوان نسل کیلئے درجنوں پروگرام زیر عمل ہے اور مسلم لیگ(ن) آزاد کشمیر میں بھی اقتدار میں آکرمحمد نوازشریف کے وژن کے مطابق آزاد کشمیر کے نوجوانوں کیلئے ترجیح بنیادوں پر مختلف منصوبے شروع کرے گی اور یہ اسی وقت ممکن ہے جب آزاد کشمیر میں مسلم لیگ(ن) کی حکومت ہو اور اس کیلئے آزاد کشمیر کے آمدہ انتخابات میں نوجوانوں کو اپنے بہتر مستقبل کیلئے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ راجہ محمد فاروق حیدر خان نے راجہ رضوان قیوم کو ہدایت کی وہ ضلع کوٹلی میں یوتھ کے نوجوانوں کو متحرک کریں اور زیادہ سے زیادہ نوجوانوں کو یوتھ میں شامل کریں اور آزاد کشمیر کے لوگوں تک میاں محمد نواز شریف کا پیغام پہنچائیں۔

متعلقہ عنوان :