مقبوضہ کشمیر ،بھارتی انتظامیہ کا حریت رہنماء سید علی گیلانی کو پاسپورٹ دینے سے انکار

جمعہ 15 مئی 2015 16:23

سرینگر/ نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 15 مئی۔2015ء) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی انتظامیہ نے بزرگ کشمیری حریت رہنماء سید علی گیلانی کو بیٹی کی عیادت کیلئے سعودی عرب جانے کیلئے پاسپورٹ جاری کرنے سے انکار کردیا۔بھارتی میڈیا کے مطابق کشمیری حریت رہنماء سید علی گیلانی کو انتظامیہ نے مسلسل پاسپورٹ سے محروم کر رکھا ہے اور معمر رہنماء کا اپنی علیل بیٹی کی عیادت کیلئے سعودی عرب جانا ممکن نہیں ہے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق سید علی گیلانی جدہ سعودی عرب میں مقیم اپنی بیٹی فرحت جبین گیلانی جو گزشتہ کچھ دن سے شدید علیل ہیں کی عیادت کیلئے سعودی عرب جانا چاہتے ہیں تاہم سفری دستاویزات کی عدم دستیابی کی وجہ سے ایسا ممکن نہیں ہے۔ سید علی گیلانی کی سرپرستی میں قائم فورم کے ترجمان نے صحافیوں کو بتایا ہے کہ گیلانی صاحب کی دختر کی حالت تشویشناک ہے اور ڈاکٹر ان کی مسلسل دیکھ بھال کر رہے ہیں تاہم ابھی تک کوئی خاطر خواہ افاقہ نہیں ہوا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بزرگ رہنماء اپنی علیل بیٹی کی عیادت کیلئے سعودی عرب جانا چاہتے ہیں تاہم انہیں سفری دستاویزات جاری نہیں کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سید علی گیلانی کیلئے سفری دستاویزات کا حصول ممکن بنانے کیلئے سرینگر میں قائم پاسپورٹ آفس میں ایک درخواست جمع کرائی جائے گی۔ واضح رہے کہ کٹھ پتلی انتظامیہ نے طویل عرصے سے بزرگ رہنماء کو پاسپورٹ سے محروم کر رکھا ہے اور متعدد بار درخواستوں کے بعد بھی انہیں سفری دستاویزات جاری نہیں کئے جارہے ہیں۔

متعلقہ عنوان :