تمام بھارت نواز جماعتیں کشمیراور کشمیریوں کی یکساں دشمن ہیں، نعیم خان

جمعہ 22 مئی 2015 19:35

سرینگر۔ 22 مئی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 22مئی۔2015ء) مقبوضہ کشمیرمیں حریت رہنماء اور جموں وکشمیر نیشنل فرنٹ چیئر مین نعیم احمد خان نے بھارت نواز جماعتوں پی ڈی پی، نیشنل کانفرنس، بی جے پی اور کانگرس کوکشمیر اور کشمیریوں کی یکساں دشمن قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیری شہداء کی قربانیاں ہمارا سرمایہ افتخار ہے جس کی حفاظت کیلئے کوئی دقیقہ فروگذاشت نہیں کیا جائے گا۔

کشمیر میڈیاسروس کے مطابق نعیم احمد خان نے ان خیالات کا اظہار بارہمولہ کے علاقے چندی لورہ میں ایک عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس کا اہتمام شہید پروفیسر وحید اور ٹنگمرگ کے دیگر شہداء کی یاد میں کیا گیا تھا۔ اس موقع پر لوگوں نے اسلام اور آزادی کے حق میں فلک شگاف نعرے بلند کئے اور جدوجہد آزادی کو اس کے منطقی انجام تک جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

(جاری ہے)

نعیم احمد خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ شہداء کی عظیم قربانیوں کو کسی بھی صورت میں فراموش نہیں کیا جائے گا کیونکہ زندہ قومیں اپنے محسنوں کو ہمیشہ یاد رکھتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کشمیریوں کی تحریک آزادی کو کمزور کرنے کیلئے تہذیبی جارحیت جاری رکھے ہوئے ہے اور اب اس نے اپنے مذموم عزائم کی تکمیل کیلئے سکولوں کے نصاب میں بھی مداخلت کا آغاز کردیا ہے۔

انہوں نے کہاکہ بھارت ”سیکولر ازم“ جیسی پر فریب اصطلاح کا سہارا لے کر کشمیر کو بھارتی تہذیب میں ضم کرناچاہتا ہے۔انہوں نے کشمیریوں کو بھارت کی خطر ناک جارحیت کا مقابلہ کرنے کیلئے خبرداررہنے کیلئے کہا تاکہ اسے ثقافت کے نام پر کشمیر میں غیر اسلامی روایات کو پنپنے کا موقع نہ مل سکے۔ نعیم احمد خان نے زور دیکر کہا کہ بھارت اپنے عزائم کی تکمیل کیلئے کشمیرمیں آبادی کے تناسب کو بگاڑنے کے منصوبے پر انتہائی شاطرانہ طریقے سے عمل پیرا ہے اور اُس کی کوشش ہے کہ غیر ریاستی باشندوں کو کشمیر میں بسایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کے مقامی آلہ کار مقامی اُس کے خطرناک منصوبوں کو عملی جامہ پہنانے میں بھر پور مدد کررہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ جو لوگ پی ڈی پی،نیشنل کانفرنس، بی جے پی یاکانگریس جیسی بھارت نواز جماعتوں کیلئے کام کر رہے ہیں وہ دراصل کشمیر میں قتل و غارت،عصمت دریوں،حراستی گمشدگیوں اور جسمانی تشدد کیلئے بھارت کا ساتھ دے رہے ہیں۔

شہید پروفیسر وحیدکو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے نعیم احمد خان نے کہا کہ وہ ایک عظیم دانشور، مفکر، دیندار اور باصلاحیت شخص تھے جنہوں نے قوم کی اجتماعی آزادی کی راہ میں اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا۔انہوں نے کہا کہ بھارت کو کشمیر سے متعلق اپنی روایتی ہٹ دھرمی کی پالیسی ترک کرکے حقائق کو تسلیم کرنا پڑے گا۔انہوں نے کہاکہ کشمیریوں نے بھارت سے آزادی کیلئے ہر ظلم کا مقابلہ کیا ہے مگرکبھی بھی بھارت کو اپنا ملک تسلیم نہیں کیا ہے۔

حریت رہنماء نے سید صلاح الدین کے خلاف اقوام متحدہ کے ذریعے پابندیاں لگوانے کے بھارت کی کوشش کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاکہ وہ ایک سیاسی رہنما ہیں جو کشمیر کی بھارتی تسلط سے آزادی کیلئے جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں۔انہوں نے کہاکہ بھارت کے اس اقدام کا مقصد کشمیریوں پر دباؤبڑھانا ہے۔اس سے قبل نعیم احمد خان نے شہید پروفیسر وحید کے مزار پر ایک دعائیہ مجلس میں شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :