آزاد کشمیر کے نام نہاد سیاستدان عوامی مسائل حل کرنے میں ناکام ہو چکے ‘چھوٹے سے خطہ میں انصاف نام کی کوئی چیزموجود نہیں‘برادری ازم‘اقربا پروری،رشوت ستانی اورسفارش جیسی بیماریوں نے پورے کشمیر کو دیمک کی طرح چاٹ کر رکھ دیا ہے

جے کے پبلک رائٹس پارٹی برطانیہ کے سینئر رہنمازمرد ملک کا تقریب سے خطاب

بدھ 3 جون 2015 16:52

لندن (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 03 جون۔2015ء) جے کے پبلک رائٹس پارٹی برطانیہ کے سینئر رہنمازمرد ملک نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر کے نام نہاد سیاستدان عوامی مسائل حل کرنے میں ناکام ہو چکے ہیں۔اس چھوٹے سے خطہ میں انصاف نام کی کوئی چیزموجود ہی نہیں۔برادری ازم،اقربا پروری،رشوت ستانی اورسفارش جیسی بیماریوں نے پورے آزاد کشمیر کو دیمک کی طرح چاٹ کر رکھ دیا ہے۔

ہمارے نام نہاد نمائندوں کو صرف آزاد خطہ میں اقتدار چائیے عوامی مسائل سے کسی کو کوئی سروکار نہیں۔ ان خیالات کا اظہارجموں کشمیر پبلک رائٹس پارٹی کے برطانیہ کے سینئر رہنما زمرد ملک نے جے کے پی آر پی کے زیر اہتمام ہونے والے ایک پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اُنھوں نے کہابھوک ،افلاس،تنگدستی آزاد خطہ ریاست جموں کشمیر کی پہچان بن چکی ہے ۔

(جاری ہے)

یہاں مظلوم کی کوئی شنوائی نہیں،دولت کی منصفانہ تقسیم نہیں،ترقیاتی فنڈز ہڑپ کیے جا رہے ہیں۔ہمارے حکمران بینک بیلنس ،بنگلے اور جاگیریں بنانے پر لگے ہوئے ہیں اور غریب کا کوئی پرسان حال نہیں۔علما کرام نے ہمیں فرقوں میں بانٹ دیا اور رہی سہی کسر آزاد خطہ کے حکمرانوں نے برادری ازم میں بانٹ کر نکال دِی۔مسجدِ نبوی کی کچی چھت کے نیچے کچی مٹی پر بیٹھ کر صحابہ کرام فیصلہ کرتے اور اچھے و اعلیٰ طریقے سے نظام چلاتے ،کسی کے ساتھ ناانصافی نہیں ہوتی مگر آزاد ریاست جموں و کشمیر کے حکمران بڑے بڑے جدید سہولیات سے آراستہ کمروں میں بیٹھ کر بھی آزاد خطہ کا نظام چلانے میں بُری طرح ناکام ہو چکے ہیں۔

میرٹ کی دھجیاں اُچھال کر اقربا پروری اور برادری ازم کا پرچار کیا جا رہا ہے۔ آزاد خطہ میں کوئی بھی ایسا محکمہ نہیں جو رشوت و کرپشن سے پاک ہو کسی بھی کا م کے لیے سفارش اور قائدِ اعظم  کی تصویر والے کاغذ کا ہونا ضروری کر دیا گیا ہے۔ اُنھوں نے کہاجب قومیں بے حِس ہو جائیں توانقلاب نہیں بلکہ اِن نا اہل حکمرانوں کی صورت میں ایسے ہی عذاب آتے ہیں۔

آزاد کشمیر کی عوام کو چاہیے کے وہ ان کُرسی پرست اور اقتدار کے پجاریوں کی حمایت نہ کریں ۔ اپنی سوچ کو بدل کر ایک انقلابی شعور بیدار کریں تا کہ وطنِ عزیز میں ہر کام اخوت،مساوات اور عدل کے دائرے میں ہو۔ جموں کشمیر پبلک رائٹس پارٹی آزاد خطہ ریاست جموں کشمیر کے عوامی حقوق کے لیے ہر جگہ اور ہر سطح پر آوازِ حق بلند رکھے گی۔اُنھوں نے مزید کہا کہ ہم اشااللہ ایک ایسے نظام کی بنیاد رکھیں گے جہاں انصاف عام اور احتساب سر عام ہو گا۔

متعلقہ عنوان :