تحریک انصاف کرپشن، ظلم ،ناانصافی کیخلاف بھرپور جدوجہد کررہی ہے،بیرسٹر سلطان محمود چوہدری

ہفتہ 6 جون 2015 16:30

میرپور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 06 جون۔2015ء) آزاد کشمیر کے سابق وزیر اعظم و کشمیر پی ٹی آئی کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کرپشن، ظلم اور ناانصافی کے خلاف بھرپور جدوجہد کررہی ہے۔ کرپٹ عناصر کے کڑے احتساب کے ہم زبردست حامی ہیں۔ مگر احتساب حقیقتاً کرپٹ اور بد عنوان لوگوں کا ہونا چاہیے۔ احتساب کے نام پر شریف لوگوں کی پگڑیاں اچھالی جا رہی ہیں۔

جسے نہ برداشت کیا جائے گا اور نہ ہی اس کی اجازت دی جائے گی۔ مسٹ یونیورسٹی کے اندر احتساب کا عمل شفاف نہیں ہے۔ وائس چانسلر کو ہراساں کیا جا رہا ہے جس کی ہم مذمت کرتے ہیں۔ میں نے اپنے حالیہ بین الاقوامی دورے میں کشمیر ایشو کو ایک مرتبہ پھر پوری دنیا کی طاقت ور کمیونٹی کے سامنے بھرپور انداز میں اُٹھایا ہے۔

(جاری ہے)

کیونکہ اس وقت دنیا کی سیاسی صورت حال تیزی سے تبدیل ہو رہی ہے۔

بدلتی ہوئی سیاسی صورتحال میں یہ انتہائی ضروری ہے کہ ہم بین الاقوامی برادری کے سامنے کشمیر کی حقیقی تصویر پیش کریں۔ تاکہ بھارتی مظالم کا پردہ چاک ہو سکے۔میرپور کے ضمنی الیکشن کے دوران تعمیر وترقی کے بلند و بانگ دعوہ کرنے والے میرپور سے اب غائب ہو چکے ہیں۔ میرپور کو مسائلستان بنا دیا گیا ہے۔ مسٹ یونیورسٹی اور دیگر اداروں میں باہر سے لا کر لوگوں کو بھرتی کیا جا رہا ہے جس کے خلاف ہمیشہ میں نے آواز اٹھائی ہے اور آئندہ بھی اُٹھاتا رہوں گا۔

شہر بھر میں پانی کی شدید قلت ہے۔ میرپور کی سڑکات کھنڈرات کانمونہ پیش کرتی دکھائی دیتی ہیں۔ موجودہ حکومت آزادکشمیر بھر کے علاوہ میرپور کے مسائل بھی حل کرنے میں بری طرح ناکام ہو چکی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے میرپور کے دورے کے دوران مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سابق چیئرمین ایم ڈی اے چودھری صدیق ایڈووکیٹ، چودھری محمد ایوب، چودھری منشاء، عمر شہزاد، سکندر بیگ، چودھری وسیم آف پلیالہ، شوکت جنجوعہ، میڈیا ایڈوائزر نصیر احمد چودھری ایڈووکیٹ، چودھری عنصر صارم، نمبردار نیاز اور دیگر بھی موجودتھے۔

بیرسٹرسلطان محمود چوہدری نے کہا کہ کشمیری عوام کی قربانیاں کو رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا ان کی آواز دنیا کے ہر بڑے فورم پر اٹھائے جائے گی ،حکومت آزادکشمیر تحریک آزادی کشمیر سے مجرمانہ غفلت کا مظاہرہ کر رہی ہے ،مقبوضہ کشمیر کے گلی کوچوں میں پاکستان کا سبز ہلالی پرچم لہرایا جا رہا ہے بیس کیمپ کی حکومت مکمل طور پر خاموش ہے بین الاقوامی سطح پر مسئلہ کشمیر پر پیش رفت ہو رہی ہے ،لیکن بیس کیمپ کے حکمران تحریک آزادی کو پس پشت ڈا کر لوٹ مار میں مصروف ہے جس طرح مسئلہ کشمیر کو بین الاقوامی سطح پر اٹھایا ہے اس طرح تحریک انصاف قومی اسمبلی میں بھی مسئلہ کشمیر کو پوری طاقت کے ساتھ اٹھائے گی۔

،کارکن تیار رہیں موجودہ نا اہل اور کرپٹ حکمرانوں کو اب مزید مہلت نہیں ملے گی اور انکا کڑا اور سخت احتساب کیا جائے گا اور انہیں بھاگنے نہیں دیں گے۔آزادکشمیر کی تمام سیاسی اور مذہبی جماعتیں موجودہ حالات میں میں تحریک آزادی کشمیر کے لیے مشترکہ موقف سامنے لائیں گے ،تحریک انصاف مسئلہ کشمیر کو بین الاقوامی سطح پر اجاگر کرنے کے لیے اپنی جدوجہد میں مزید تیزی لائے گی ۔