حکومت سیلاب ،لینڈ سلائیڈنگ کے حقیقی متاثرین کو امدا د کرے ،سفارشی و جعلی معاوضے دینے کا سلسلہ بند کرے ‘ عبدالرشید ترابی

ہفتہ 6 جون 2015 16:30

باغ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 06 جون۔2015ء) جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر کے امیر عبدالرشید ترابی نے کہا ہے کہ حکومت سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے حقیقی متاثرین کو امدا د کرے سفارشی اور جعلی معاوضے دینے کا سلسلہ بند کرے ‘جن لوگوں کے مکانات مکمل طور پر تباہ ہو گئے اور دوبارہ مکان تعمیر کرنے کے لیے جگہ نہیں حکومت ان کو متبادل جگہ فراہم کرے ، اگر متاثرین سیلاب اور متاثرین زلزلہ کے پیسے کھائے گئے تو پھر الله تعالیٰ اس سے بڑ ھ کر عذاب مسلط کرے گا ، بڑے دکھ کی بات ہے کہ حقیقی متاثرین کو چھوڑ کر جعلی لوگوں کو معاوضے دیے جا رہے ہیں، جماعت اسلامی اپنی بساط کے مطابق امداد جاری رکھے گی یہ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ امداد کرے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے یونین کونسل دھڑے گاؤں دھیریاں میں متاثرین لینڈ سلائیڈنگ کے متاثرین کو الخدمت کی طرف سے جستی چادریں دینے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر قائم مقام امیر ضلع تنویر انور خان ‘ الخدمت ضلع باغ کے صدر خالد کھوکھر ، مولانا ہدایت الله اور دیگر موجود تھے۔ اس موقع پر عبدالرشید ترابی نے متاثرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی مصیبت کی ہر گھڑی میں آپ کے ساتھ ہے ۔

متاثرین کے مسائل حکومت تک پہنچاؤں گا اگر حکومت نے اصلاح احوال نہ کی اور حقیقی متاثرین تک امداد نہ پہنچائی تو پھر آپ سے مشاورت کے بعد بڑے لائحہ کا اعلان کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کوشش کر رہی ہے کہ اس کرپٹ نظام اور سسٹم کو بدلا جائے چونکہ اس نظام کے ہوتے ہوئے عوام کی خدمت نہیں ہو سکتی ۔ آپ اس نظام کو بدلنے میں ہمارا ساتھ دیں ۔ ابھی تک حکومت حقیقی متاثرین تک امداد پہنچانے میں ناکام رہی اس کا مطلب ہے کہ حکومت کو متاثرین کی امداد سے کوئی دلچسپی نہیں ہے۔

متعلقہ عنوان :