چودھری عبدالمجید کی زیر صدارت آزاد کشمیر کابینہ کا اجلاس، کئی قرارداد منظور کی گئیں

منگل 9 جون 2015 16:43

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 09 جون۔2015ء) آزاد کشمیر کابینہ کا اجلاس وزیراعظم چوہدری عبدالمجید کی صدارت میں منعقد ہوا کابینہ کے اراکین ،مشیران حکومت،معاون خصوصی ،چیف سیکرٹری، سیکرٹری مالیات،جملہ سیکرٹری صاحبان حکومت نے اجلاس میں شرکت کی۔اجلاس میں درج ذیل قراردادوں کی منظوری دی گئی۔قرارداد میں کہاگیا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں پاکستان کے ساتھ محبت عقیدت او رنظریاتی وابستگی کے عملی اظہار میں لہرائے جانے والے سبز ہلالی پرچم کی پاداش میں صعوبتیں برداشت کرنے والے خوددار حریت پسندوں کو عمیق قلب مبارک باد پیش کرتے ہوئے تجدید عہد کرتا ہے کہ جب تک ریاست جموں وکشمیر بھارت کے جابرانہ تسلط سے آزاد ہو کر پاکستان کا حصہ نہیں بنتی ہماری لازوال قربانیوں کی لہو رنگ جہد مسلسل نشان منزل کے حصول تک جاری رہے گی ۔

(جاری ہے)

یہ اجلاس بھارت کی طرف سے حریت قیادت کی آئے روز گرفتاریوں ،بلاجواز مقدمات ،ریاستی جبرو تشدد ،8لاکھ قابض افواج کے ظالمانہ وحشیانہ اقدامات کی شدید مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ اقوام متحدہ کے چارٹراور سیکیورٹی کونسل کی منظور شدہ قراردادوں کے مطابق ڈیڑھ کروڑ کشمیریوں کو ان کا حق خودارادیت دلوانے میں اپنا فیصلہ کن کردار ادا کریں یہ اجلاس ترقیاتی بجٹ اخراجات سے بروقت ہونے والے اخراجات کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ روزگار کی فراہمی ،دور دراز علاقوں کی تعمیر و ترقی ،آزاد کشمیر میں پہلی بار حکومتی اور اپوزیشن ممبران کو مساوی فنڈز کی فراہمی ،زلزلہ زدہ علاقوں کے انفراسٹریکچر کی بحالی اور میگا پراجیکٹس کی تکمیل پر وزیراعظم چوہدری عبدالمجید کی قیادت میں قائم پیپلزپارٹی کی حکومت کو خراج تحسین پیش کرتا ہے ۔

آزادجموں و کشمیر کابینہ کا یہ اجلاس چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف کے کشمیر پر دلیرانہ اور دوٹوک موقف کو سراہتے ہوئے کشمیریوں کی بھر پور ترجمانی کرنے پر انہیں مبارک باد پیش کرتا ہے اور آزادکشمیر حکومت اور عوام کی طرف سے انہیں شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے یقین دلاتا ہے کہ جموں وکشمیر کے عوام پاکستان کی سلامتی ،بقاء اور استحکام کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔

یہ اجلاس وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف کی جانب سے مسئلہ کشمیر پر جراتمندانہ موقف اپنانے پر انہیں بھی خراج تحسین پیش کرتا ہے اور اس عزم کا اعادہ کرتا ہے کہ آزادکشمیر کے عوام اور حکومت پاکستان کی تعمیروترقی وخوشحالی کے لیے اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔یہ اجلاس بھارتی خفیہ ایجنسی" را "کی جانب سے پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کی کوششوں پرسخت تشویش کا اظہار کرتا ہے اور سمجھتا ہے کہ" را "پاکستان میں دہشت گردی کے واقعات میں ملوث ہے اس لیے پاکستان کو چاہیے کہ وہ دنیا کے سامنے یہ مقدمہ پیش کرے ۔

"ر ا "کی اس طرح کی کارروائیوں سے پورا خطہ عدم استحکام کا شکار ہورہا ہے اور علاقے میں تباہی اور بربادی کا شدید خطرہ ہے۔ اس لیے عالمی برادری بالخصوص امریکہ بھارت پر دباو ڈالے کہ وہ اپنی دہشت گرد خفیہ ایجنسی" را "کو لگام ڈالے ۔اجلاس بھارت کے وزیر دفاع کی جانب سے دھمکی آمیز بیانات کو جنوبی ایشیاء کی سلامتی کے لیے شدید خطرہ سمجھتا ہے

اور بھارتی وزیر دفاع کے بیان کی شدید مذمت کرتے ہوے اقوام متحدہ سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ بھارت کے غاصبانہ اور جارحانہ رویہ کا نوٹس لے ۔

یہ اجلاس چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف کے دہشتگردی کے خلاف دلیرانہ موقف پر انہیں مبارکباد پیش کرتا ہے اور مسلح افواج پاکستان کی طرف سے جاری "ضرب عضب"اور ''خیبر ون ''اور "خیبر ٹو '' کو پاکستان کی سا لمیت ،استحکام اور ترقی کے لیے انتہائی اہم تصور کرتا ہے۔اجلاس پاکستان کی مسلح افواج کے آفیسران اور جوانوں کی قربانیو ں پرانہیں شاندارالفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتا ہے اور اس امر کا اعادہ کرتا ہے کہ کشمیری عوام بہادر افواج کے شانہ بشانہ وطن عزیز کے تحفظ کے لیے ہر قربانی دینے کو تیار ہیں ۔

کابینہ کا یہ اجلاس برما کے مظلوم مسلمانوں کے ساتھ ہونے والی بدترین عالمی دہشت گردی ،انسانی جانوں کی ہلاکتوں پر اقوام متحدہ ،یورپی یونین ،او آئی سی سمیت بااثر ممالک کی بے حسی کو قابل افسوس قرار دایتے ہوئے مطالبہ کرتا ہے کہ برما میں مسلمانوں کو تحفظ فراہم کرنے کے لیئے ہنگامی اقدامات عمل میں لائے جائیں اور وفاقی حکومت کی طرف سے قائم کردہ کمیٹی کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔

وزیر اعظم پاکستان محمد نوازشریف اور سابق صدر وشریک چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی آصف علی زرداری کی قومی یکجہتی اور دہشت گردی کے خلاف کی جانیو الی کاوشوں پر انہیں خراج تحسین پیش کرتا ہے۔ اجلاس وفاقی حکومت کی طرف سے تمام سیاسی وعسکری قیادت کو یکجا کرنے اور قومی سطح پر دہشتگردی کے خلاف اتفاق رائے پیدا کرنے کے عمل میں آزادکشمیر حکومت اور عوام کی جانب سے بھرپور تائید وحمایت کرتا ہے۔

کابینہ کا یہ اجلاس دہشت گردی کے مکمل سدباب کے لیے تمام قومی،سیاسی وعسکری قیادت کی یکجہتی ، کل جماعتی کانفرنس کے انعقاد اور قیادت کی جانب سے پارلیمنٹ کے اجلاس میں اختیار کیے گئے موقف کی حمایت کرتا ہے اور قومی ایکشن پلان پر عمل درآمد کو ملک کی سلامتی اور یکجہتی کے لیے ضروری قرار دیتا ہے۔کابینہ کا یہ اجلاس مہاجرین جموں وکشمیر کی تحریک آزادی کشمیر کے لیے لازوال قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے حکومت پاکستان سے مطالبہ کرتا ہے کہ مہنگائی کے پیش نظر ان کے گزارا الاؤنس میں سو فیصد اضافہ کیا جائے۔

یہ اجلاس سانحہ صفورا کراچی میں جاں بحق اور سانحہ مستونگ کوئٹہ دہشت گردی میں شہید ہونیوالوں کے لواحقین سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے رب تعالیٰ کے حضور دست دعا بلند کرتا ہے کہ انہیں اپنے جوار رحمت میں جگہ عطا فرماتے ہوئے انکے پسماندگان کوصبر جمیل عطا فرمائے۔

متعلقہ عنوان :