بیرسٹر سلطان نے آزاد کشمیر اور مہاجرین کی پی ٹی آئی کی تمام تنظیمیں توڑ دیں

رکنیت سازی جلد شروع کی جائیگی، اوور سیز کشمیریوں کی علیحدہ تنظیم بنائی جائیگی، صدر تحریک انصاف آزاد کشمیر

منگل 9 جون 2015 18:16

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 09 جون۔2015ء) آزاد کشمیر کے سابق وزیر اعظم و کشمیر پی ٹی آئی کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے آزاد کشمیر اور مہاجرین کی پی ٹی آئی کی تمام تنظیمیں فوری طور پر توڑ دی ہیں اور اس سلسلے میں عنقریب رکنیت سازی شروع کی جائے گی اور پھر دو ماہ میں مرحلہ وار تنظیم سازی کا عمل شروع کیا جائے گا۔ اسی طرح اوورسیز کشمیریوں کی علیحدہ تنظیم بنائی جائے گی۔

کیونکہ آزاد کشمیر کی اپنی ایک خصوصی حیثیت ہے جس وجہ سے بیرون ممالک مقیم کشمیریوں کی علیحدہ تنظیم قائم کی جائے گی۔ اس کا فیصلہ پی ٹی آئی کے چئیرمین عمران خان کی ہدایت اور مشورے سے کیا گیا ہے۔اس بات کا اعلان انھوں نے آج یہاں اپنی رہائشگاہ پراخبار نویسوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

بیرسٹرسلطان محمود چوہدری نے کہا کہ آزاد کشمیر میں پی ٹی آئی کی پہلے سے کچھ تنظیمیں بنی ہو ئی تھیں لیکن اب عوام اور سیاسی رہنماؤں کا ایک بہت بڑا ریلہ پی ٹی آئی میں شامل ہو رہا ہے اس لئے اب ضرورت اس امر کی ہے کہ رکنیت سازی کا مرحلہ شروع کرکے تمام تنظیمیں دوبارہ قائم کی جائیں۔

اسی طرح یوتھ، آئی ایس ایف اورخواتین ونگ بھی کشمیری پی ٹی آئی کے تابع ہونگی۔انکی بھی عنقریب تنظیم سازی کی جائے گی۔اسی طرح بیرون ممالک پی ٹی آئی کی اپنی تنظیم ہو گی جہاں آزاد کشمیر کے اوورسیز کشمیری مسئلہ کشمیر کو بین الاقوامی سطح پر اجاگر کرنے کے لئے اپنا کردار ادا کر سکیں گے وہاں پر اوورسیئز کشمیری اس تنظیم کے ذریعے تارکین وطن کے مسائل سے بھی مرکزی تنظیم کو آگاہ کرتے رہیں گے۔

اوورسیئز کشمیریوں کی تنظیم نو کا کام بھی جلد شروع کیا جائے گا تاکہ اوورسیز کشمیر بھی ملکی معاملات میں اپنا کردار ادا کر سکیں۔اس سلسلے میں پارٹی کے چئیرمین عمران خان کے دستخطوں سے آزاد کشمیر اوورسئیز کشمیریوں کی تنظیم کے قیام کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ آزاد کشمیر کی ایک خصوصی حیثیت ہے جسکی وجہ سے بیرون ملک کشمیریوں کی بھی اپنی تنظیم بنائی جائیگی۔