ڈاکوؤں، چوروں، لٹیروں، تھگوں اور ٹاؤٹوں کے خلاف علم بغاوت بلند کیا جائے،بیرسٹرسلطان محمود

یقین ہے عوام بھرپورساتھ دینگے،فتح انشاء اﷲ ہماری ہوگی، آزاد کشمیر سے غربت کا خاتمہ کریں گے، پی پی اور ن لیگ نے گٹھ جوڑ اور مک مکاکر رکھا ہے، دونوں پارٹیوں نے باریاں لگائی ہوئی ہیں، کشمیر کونسل کے فنڈز اور اسکیموں سے عوام کے ضمیر کو نہیں خریدا جا سکتا،پلندری میں جلسہ عام سے خطاب

منگل 16 جون 2015 19:29

پلندری(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 16 جون۔2015ء) آزاد کشمیر کے سابق وزیر اعظم و کشمیر پی ٹی آئی کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ سدھنوتی وہ شہیدوں اور غازیوں کی دھرتی ہے جہاں سے سبز علی خان، ملی خان نے ڈوگرہ راج کے خلاف اپنی کھالیں تو کھنچوا ڈالیں مگر اپنے اصولوں پر سمجھوتا نہیں کیا اور اپنے مقصد سے پیچھے نہیں ہٹے۔لہذا آج پھر ضرورت اس امر کی ہے کہ ڈاکوؤں، چوروں، لٹیروں، تھگوں اور ٹاؤٹوں کے خلاف بھی علم بغاوت بلند کیا جائے۔

یہاں سے عوامی رابطہ مہم کا آغاز کردیا ہے اورمجھے یقین ہے کہ عوام میرا بھرپور ساتھ دیں گے اور فتح انشا ء اﷲ ہماری ہو گی۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے یہاں پلندری میں ایک بڑے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔جلسہ عام کی صدارت سردارشاہد محمودنے کی جبکہ اس موقع پر جلسہ عام سے کشمیر پی ٹی آئی کے چیف آرگنائزر ظفر انور، سابق مشیر سردار امتیاز خان، سردار مشتاق،سردار نسیم شاہد، سردار عتیق سخاوت، سردار امجد اکبر، سردار عتیق سخاوت ایڈووکیٹ منگ، اصغر ایڈووکیٹ، سردار عابد خان، واثق قیوم اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔

(جاری ہے)

بیرسٹرسلطان محمود چوہدری نے کہا کہ میں نے اپنے دورحکومت میں رواداری اور وضع داری کی سیاست کو پروان چڑھایا تھا جبکہ پیپلز پارٹی کی موجودہ حکومت نے اسکی دھجیاں اڑادیں ہیں اور انتقامی کاروائیوں کی وجہ سے آزاد کشمیر کی سیاست میں تناؤ پایا جا تا ہے ہم اقتدار میں آکر عمران خان کے ویژن کو آگے بڑھاتے ہوئے آزاد کشمیر سے غربت کا خاتمہ کریں گے اور عام آدمی کی حالت بہتر بنائی جائے گی۔

نئے چہروں اور نوجوانوں کو سامنے لائیں گے اور آزادکشمیر کو ایک ماڈل اسٹیٹ بنائیں گے۔ بے روزگاری کا خاتمہ کریں گے نوجوانوں کو روزگار کے ساتھ بااختیار بھی بنائیں گے اور اختیارات کو نچلی سطح تک منتقل کریں گے۔ ہم عوام کو انکے حقوق واپس دلائیں گے اور پی پی اور ن لیگ نے جو گٹھ جوڑ اور مک مکاکر رکھا ہے عوام اسے مسترد کردیں گے۔ ان حکمرانوں نے جس طرح قومی و ریاستی تشخص کو پامال کیا ہے اور کشمیری عوام کی عزت و غیرت خاک میں ملادی ہے عنقریب آزاد کشمیر کے عوام کے ہاتھ ان لوگوں کے گریبان تک ہونگے کیونکہ اب نظام تبدیل ہونے والا ہے اور تبدیلی آچکی ہے۔

لہذا آپ ناانصافی اور لوٹ مار کو روکنے کے لئے میرا ساتھ دیں اورآپ بہت جلد دیکھیں گے کہ ہم آزاد کشمیر کو ایک نا قابل تسخیر اورخوشحال معاشرہ بنا دیں گے۔بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ پورے آزاد کشمیر میں پی ٹی آئی نے انقلاب برپا کر دیا ہے اور جس طرح پاکستان میں دونوں پارٹیوں نے باریاں لگائی ہوئی ہیں اسی طرح پیپلز پارٹی اور ن لیگ آزاد کشمیرمیں بھی آپس میں مک مکا کیے ہوئے ہیں۔

لہذا اب وقت آگیا ہے کہ عوام اس گٹھ جوڑ کے خلاف اٹھ کھڑے ہوں اور آئندہ الیکشن میں ان دونوں پارٹیوں کو مسترد کر دیں۔انھوں نے کہا کہ آج سدھنوتی سے جو آواز اٹھی ہے اسے اب دبایا نہیں جا سکتا میں بڑے عرصے بعد یہاں اتنا بڑا عوام کا جم غفیردیکھ رہا ہوں اور اب یہ حکمران عوام کے سمندر کے سامنے نہیں ٹھہر سکتے اور کشمیر کونسل کے فنڈز اور اسکیموں سے عوام کے ضمیر کو نہیں خریدا جا سکتا۔

لیکن عوام نے آج یہاں میرا اتنا بڑا استقبال کرکے اوراتنی بڑی تعداد میں جلسہ عام میں شرکت کرکے یہ ثابت کردیا ہے کہ وہ ان نوسر بازوں کے جھانسے میں اب نہیں آئیں گے اور فتح عوام کی ہو گی۔ اس سے قبل بیرسٹرسلطان محمود چوہدری جب راولاکوٹ سے پلندری کے لئے روانہ ہوئے تو ان کا جگہ جگہ والہانہ اور فقیدالمثال استقبال کیا گیا۔اس موقع پر انہیں پلندری پہنچنے پرگاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کے ایک بہت بڑے جلوس کی صورت میں جلسہ گاہ لا یا گیا۔