مقبوضہ کشمیر ، سوپور ہلاکتوں نے حریت تنظیموں کو متحد کر دیا

مشترکہ احتجاجی پروگرام مرتب ، آج ریاست گیر ہڑتال اور جمعہ کو سوپور میں مشترکہ احتجاجی مارچ کی کال ، ہڑتال کے باعث وادی بھر میں آج تمام کاروباری مراکز ، دفاتر اور تعلیمی ادارے بند رہیں گے

منگل 16 جون 2015 22:56

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 16 جون۔2015ء) مقبوضہ کشمیر میں سوپور میں ٹارگٹ کلنگ کے بڑھتے ہوئے واقعات کے خلاف آج ( بدھ کو ) عام ہڑتال کی جائے گی ہڑتال کی کال حریت کانفرنس کے دونوں دھڑوں ، لبریشن فرنٹ اور ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی نے مشترکہ احتجاجی پروگرام جاری کرتے ہوئے دے رکھی ہے اس موقع پر وادی بھر میں تمام کاروباری مراکز ، تعلیمی ادارے اور دفاتر بند رہیں گے جبکہ شاہراہوں پر ٹریفک معطل رہے گی ۔

مشترکہ لیڈران نے مشترکہ طور پر ہڑتال کی کال دیتے ہوئے کہا کہ اگر ہلاکتوں کا یہ سلسلہ روک نہیں دیا گیا تو مزاحمتی قیادت مشترکہ طور پر سڑکوں پر آ کر ایک زور دار ایجی ٹیشن چلائے گی اور اپنے عوام کے تحفظ کے لئے بھرپور مزاحمت کرے گی سوپور میں سلسلہ وار پراسرار ہلاکتوں پر مزاحمتی تنظیموں حریت ( گ ) ، حریت ( ع ) ، لبریشن فرنٹ اور ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی کے درمیان بالواسطہ مشاورت ہوئی ۔

(جاری ہے)

مشاورت کے بعد مزاحمتی خیمہ نے مشترکہ طور پر سوپور ہلاکتوں کے خلاف احتجاجی پروگرام کا اعلان کیا ۔ مزاحمتی لیڈران سید علی گیلانی ، میر واعظ عمر فاروق ، محمد یاسین ملک اور شبیر شاہ سمیت کم و بیش تمام مزاحمتی لیڈران نے سوپور ہلاکتوں پر متحد ہونے پر اتفاق کیا ۔ اس غیر معمولی مشاور کے بعد مزاحمتی خیمہ نے مشتکہ مشاورت کے بعد سوپور میں گزشتہ کئی دنوں سے مسلسل نہتے شہریوں کے قتل و غارت کے خلاف بدھوار 17 جون کو پورے جموں و کشمیر میں ہمہ گیر احتجاجی ہڑتال کی اپیل کرتے ہوئے عوام سے کہا گیا کہ وہ ان معصوم ہلاکتوں کے خلاف متحد ہو کر احتجاجی پروگرام کو کامیاب بنائیں مشترکہ طور پر کئے گئے فیصلے کے تحت جمعہ المبارک 19 جون کو سید علی گیلانی ، میر واعظ عمر فاروق ، محمد یاسین اور شبیر احمد شاہ سمیت جملہ مزاحمتی قیادت سوپور جائے گی جہاں وہ سوپور کے حریت پسند عوام کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا مظاہرہ اور نہتے لوگوں کی ہلاکتوں کے خلاف مشترکہ احتجاج کی قیادت کریں گے ۔

اس دوران حریت ( گ ) چیئرمین سید علی گیلانی نے منڈجی سوپور کے ایک اور شہری کی ہلاکت پر صدمے کا اظہار کیا اور پچھلے تین ہفتوں کے دوران میں پے در پے ہلاکتوں کو ایک انتہائی سنگین معاملہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہلاکتوں کا یہ سلسلہ روک نہیں دیا گیا تو آزادی پسند قیادت مشترکہ طور پر سڑکوں پر آ کر ایک زور دار ایجی ٹیشن چلائے گی اور اپنے عوام کے تحفظ کے لئے بھرپور مزاحمت کرے گی ۔

انہوں نے کہا کہ انسانی زندگیوں کے تحفظ کو اولین ترجیح حاصل ہے اور اس کے مقابلے میں کاروبار ، تعلیم اور ایک چیز ثانوی حیثیت رکھتی ہے انسانی زندگی کے تحفظ کے لئے ہر دوسری چیز کو قربان کیا جا سکتا ہے ۔ سید علی گیلانی نے مفتی محمد سعید کو خفیہ ایجنسیوں کے قتل عام کے منصوبے میں برابر کا شریک گردانتے ہوئے کہا کہ اس پارٹی کے کسی وزیر یا عہدیدار میں ضمیر کی کوئی رمق باقی ہے تو انہیں اپنی روایتی وزارتوں اور مناصب سے مستعفی ہو کر اس زعفرانی ایجنڈے سے اپنے کو الگ کر لینا چاہئے ۔

متعلقہ عنوان :