بے نظیر بھٹو میڈیکل کالج کی تعمیر میں کمیشن لے کر ٹھیکہ منظور نظر کمپنی کو دیا گیا ہے ، بیرسٹر سلطان محمود چوہدری

سکینڈل میں ملوث اعلی حکومتی شخصیات کے خلاف عدالتی کمیشن بنا کر جوڈیشل انکوائری کرائی جائے ، صدر پاکستان تحریک انصاف آزاد کشمیر

بدھ 17 جون 2015 19:04

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 18 جون۔2015ء) آزاد کشمیر کے سابق وزیر اعظم و کشمیر پی ٹی آئی کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ بے نظیر بھٹو میڈیکل کالج کی تعمیر میں وزیر اعظم اور وزیر ہاؤسنگ نے 27 کروڑ روپے کمیشن لے کر ٹھیکہ منظور نظر کمپنی کو دے دیا ہے جسکا ورک آڈر جاری کردیا گیا ہے اور آج اس کمپنی کو موبالائیشن ایڈوانس کی مد میں 27 کروڑ جاری کیا جائے گا جو کہ کرپٹ عناصر آپس میں تقسیم کریں گے۔

اس سکینڈل میں ملوث اعلی حکومتی شخصیات کے خلاف عدالتی کمیشن بنا کر جوڈیشل انکوائری کرائی جائے ۔ موجودہ حکومت قومی وسائل کی لوٹ مار میں مصروف ہے اور اہم نوعیت کے قومی منصوبوں میں کرپشن کررہی ہے اگر حکومت اپنے اقدامات سے باز نہ آئی تو راست اقدامات اٹھائیں گے۔

(جاری ہے)

سرکاری افسران اور ملازمین حکومت کے غیرقانونی احکامات ماننے سے انکار کر دیں۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے آج یہاں اپنی رہائشگاہ پر ایک ہنگامی طور پر بلائی گئی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ۔بیرسٹرسلطان محمود چوہدری نے کہا کہ موجودہ حکومت میگا پراجیکٹ لگانے کی بجائے میگا کرپشن پر یقین رکھتی ہے۔وزیر اعظم چوہدری مجید اور وزیر ہائسنگ چوہدری پرویز اشرف نے یونائیٹڈ کنسٹرکشن نامی کمپنی سے ساز باز کرکے دو ارب ستر کروڑ مالیاتی پراجیکٹ بے نظیر میڈیکل کالج میرپور کا ٹھیکہ پاکستان انجئنرنگ کونسل کے قواعد و ضوابط کو بلڈوز کرکے مذکورہ کمپنی کو دے دیا ہے جس کا باقاعدہ ورک آرڈر جاری کردیا گیا ہے اور آج 18 جون کو موبلائزیشن ایڈوانس کی مد میں 27 کروڑ روپے قومی خزانے سے نکال کر آپس میں بندر بانٹ کر دی جائے گی۔

انھوں نے کہا کہ موجودہ آزاد کشمیر حکومت پہلے دن سے ہی کرپشن اور لوٹ مار، میرٹ کی پامالی، اقرباء پروری میں ملوث رہی ہے اور ہم نے آج تک جو بھی بات کی وہ ان کرپٹ اور بدعنوان عناصر کے خلاف حرف بحرف درست ثابت ہوئی۔ ایک سوال کے جواب میں انھوں نے کہا کہ جناح ماڈل ٹاؤن سکینڈل میں حکومت کی قائم کردہ تحقیقاتی کمیٹی نے حکومتی کرپشن ثابت کر دی تھی لیکن سیاستدانوں نے بعض سرکاری ملازمین کو قربانی کا بکرا بنا کر اپنے آپ کو بچانے کی کوشش کی۔

بیرسٹرسلطان محمود چوہدری نے کہا کہ سرکاری ملازمین حکومت کے غیر قانونی احکامات ماننے سے انکار کر دیں کیونکہ یہ حکومتی ٹولہ سرکاری افسران اور ملازمین کو قربانی کا بکرا بنا کر ہمیشہ خود بچ جانے کی پالیسی پر گامزن رہتا ہے ۔ انھوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ کرپٹ عناصر کاکڑا احتساب ہو نا چاہیے میڈیکل کالج سکینڈل کی غیر جانبدارانہ اور شفاف تحقیقات نہ ہوئیں تو اسکے بھیانک نتائج برآمد ہونگے ۔ ہم راست اقدام اٹھانے پر مجبور ہونگے اور اس کرپشن کو طاقت کے زور پر روکیں گے۔