آزادکشمیر پولیس نے رمضان المبارک کا سکیورٹی پلان جاری کر دیا

جمعرات 18 جون 2015 16:41

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 18 جون۔2015ء) آزادکشمیر پولیس نے رمضان المبارک کا سکیورٹی پلان جاری کر دیا، مساجد و امام بارگاہوں اور اقلیتی عبادت گاہوں پر ڈیوٹی کے علاوہ سستے رمضان بازاروں ،مجالس بسلسلہ حضرت علی،آخرہ عشرہ مبارک و چاند رات، یو م القدس /جمعة الوداع کے موقع پر سخت سکیورٹی انتظامات کیے جائیں گے،آئی جی پولیس ملک خدا بخش ۔

تفصیلات کے مطابق آزادکشمیر پولیس نے رمضان المبارک کے دوران امن وامان کی صورتحال برقرار رکھنے کے لئے سکیورٹی پلان جاری کر دیاہے، جس کے مطابق رمضان المبارک کے دوران کسی بھی تخریب کاری اور ناخوشگوار واقعہ سے بچنے کے لئے تین ہزار پولیس اہلکاران آزادکشمیر بھر کی مساجد و امام بارگاہوں ، اقلیتی عبادت گاہوں اور پبلک مقامات پر خصوصی ڈیوٹیاں سر انجام دیں گے اس کے علاوہ سستے رمضان بازاروں ،آخری عشرہ میں مجالس بسلسلہ حضرت امام علی ،آخرہ عشرہ مبارک و چاند رات، یو م القدس /جمعة الوداع کے موقع پربھی پولیس افسران و اہلکاران خصوصی ڈیوٹی پر مامور کیا گیا ہے ۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں آزادکشمیر بھر میں مختلف مقامات پر پکٹس بھی لگائی جا رہی ہیں اور ہر پکٹ پر پولیس افسران اور اہلکاران کو تعینات کیا جا رہا ہے جو ہمہ وقت کسی بھی تخریب کاری کے واقعہ کو روکنے کے لئے چیکنگ جاری رکھیں گے اور تمام سیکورٹی انتظامات کی ضلعی ایس ایس پیز ذاتی طور پر نگرانی کریں گے ۔آزادکشمیر کے تمام داخلی و خارجی راستوں پر چیکنگ انتہائی سخت ہو گی ،ہوٹلوں اور گیسٹ ہاؤسز کی روزانہ کی بنیاد پر چیکنگ جاری رکھی جائے گی ،رمضان المبارک آرڈیننس کے نفاذ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا ،روزہ خوروں ،شرپسند اور سماج دشمن عناصر پر کڑی نظر رکھی جائے گی اور ان کے خلاف بروقت کاروائی عمل میں لائی جائے گی ۔

رمضان المبارک کے حوالے سے آزادکشمیر پولیس کے انسپکٹر جنرل ملک خدا بخش اعوان نے عوام سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ اس با برکت مہینے کے دوران پولیس سے تعاون کریں ،نماز اور تراویح کے لئے جاتے وقت اپنے گھروں کو اچھی طرح بند رکھیں ،داخلی خارجی راستوں اور پکٹوں پر اگر کوئی پولیس ملازم چیکنگ کی غرض سے گاڑی /موٹر سائیکل روکے تو اچھے شہری ہونے کا ثبوت دیتے ہوئے تعاون کریں ۔انہوں نے آزادکشمیر پولیس کے افسروں اور جوانوں کو بھی خصوصی ہدایات جاری کی ہیں کہ خلوص اور دیانتداری کے ساتھ رمضان ڈیوٹی سرانجا م دیں اور کسی بھی قسم کی کوتاہی اور تساہل سے اجتناب کریں ۔ افسران سکیورٹی ڈیوٹی پر مامور عملے کو ڈیوٹی کی بابت بریف کریں اور عوام کے ساتھ با اخلاق طریقے سے پیش آئیں ۔

متعلقہ عنوان :