بے گناہ کشمیری نوجوانوں کے قتل کے انکشافات سے متعلق رپورٹ20جولائی تک عدالت میں پیش کرنے کی ہدایت

عاشق بخاری کے انکشافات کے بعد تمام علاقوں کے تھانوں کے ایس ایچ اوز سے تحقیقات کی جائیں ٗ فورم سید علی گیلانی

اتوار 21 جون 2015 17:15

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 21 جون۔2015ء) مقبوضہ کشمیر میں چیف جوڈیشل مجسٹریٹ سرینگر کی عدالت نے ایس ایس پی سرینگر کو 2010 کی احتجاجی تحریک کے دوران بے گناہ کشمیری نوجوانوں کے قتل کے حوالے سے سابق ایس ایس پی عاشق حسین بخاری کے انکشافات سے متعلق رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی ہے ۔ عاشق حسین بخاری نے دعویٰ کیا تھا کہ سابق کٹھ پتلی وزیر اعلیٰ عمر عبداﷲ نے انہیں 2010کی احتجاجی تحریک کے دوران سینئر حریت رہنما مسرت عالم بٹ کو قتل کرنے کے عوض ایک بھاری رقم کی پیشکش کی تھی اورنوجوانوں کو عمر عبداﷲ کی ہدایت پر ہی قتل کیا گیا تھا۔

بزرگ حریت رہنما سید علی گیلانی کی سرپرستی میں قائم فورم نے سابق ایس ایس پی کے دعوے کی تحقیقات کے لیے عدالت میں ایک عرضداشت دائر کر رکھی ہے۔

(جاری ہے)

چیف جوڈیشنل مجسٹریٹ وی ایس بھو نے ایس ایس پی سرینگر کو 20جولائی تک اپنی رپورٹ داخل کرنے کی ہدایت کی ہے ۔سابق ایس ایس پی عاشق حسین بخاری کچھ عرصہ پہلے سرینگر میں ایک پریس کانفرنس کے دوران دعوی ٰ کیا تھا کہ عمر عبداﷲ نے 2010کی بھارت مخالف احتجاجی تحریک کو ناکام بنانے پر انہیں انعام سے نوازا تھا اور یہ کہ سابق وزیر اعلیٰ نے انہیں احتجاجی تحریک کے روح رواں مسرت عالم بٹ کے قتل کے عوض 25لاکھ روپے کی ایک بڑی رقم کی پیشکش کی تھی۔

سید علی گیلانی کی سرپرستی میں قائم فورم نے مطالبہ کیا ہے کہ عاشق بخاری کے انکشافات کے بعد ان تمام علاقوں کے تھانوں کے ایس ایچ اوز سے تحقیقات کی جائیں جہاں کشمیری نوجوانوں کو قتل کیا گیا۔ فورم کی طرف سے دائر کی جانے والی عرض داشت میں کہا گیا ہے کہ احتجاجی تحریک کے دوران 120سے زائد نوجوانوں کو قتل کیا گیا تھاجس سابق وزیر اعلی عمر عبداﷲ اپنے ماتھے پر لگے نوجوانوں کے قتل کا بدنما داغ 2014کے نام نہاد انتخابات کی مہم کے دوران یہ کہہ کر دھونے کی کوشش کی تھی کہ نوجوانوں کو اس وقت کے ایس ایس پی سرینگر عاشق بخاری نے قتل کروایا تھاجس کے بعد عاشق بخاری نے ایک پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ انہوں نے جو کچھ بھی کیا وہ عمر عبداﷲ کی ہدایت پر کیا تھا۔

فورم کے جنرل سیکرٹری غلام نبی سمجھی کی طرف سے دائر عرضداشت کی پیروری ایڈووکیٹ محمد شفیع ریشی کر رہے ہیں۔

متعلقہ عنوان :