سالویشن موومنٹ کی حریت رہنماء ظفر اکبربٹ کی گرفتاری، صحافی پر تشدد کی مذمت ،شہید کشمیری نوجوانوں کو خراج عقیدت

گرفتاریوں، ظلم وجبر سے تحریک آزادی کشمیر کمزور ہوگی نہ ہی آزادی پسند لیڈروں، عوام کے حوصلے پسند ہونگے، ترجمان

منگل 23 جون 2015 17:16

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 23 جون۔2015ء) جموں وکشمیر سالویشن موومنٹ نے پارٹی چیئرمین ظفر اکبربٹ کی گرفتاری کی شدید مذمت کرتے ہوئے کولگام کے علاقے ریڈ ونی میں بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں شہید ہونے والے کشمیری نوجوانوں کوزبردست خراج عقیدت پیش کیا ہے ۔سالویشن موومنٹ کے ترجمان نے ایک بیان میں کہاکہ ظفر اکبر بٹ گزشتہ دو دن سے چھانہ پورہ پولیس اسٹیشن میں نظربند ہیں۔

انہوں نے کہاکہ ظفر اکبربٹ کو گزشتہ روزشہید کشمیری نوجوانوں کے اہلخانہ سے اظہار یکجہتی کیلئے ریڈونی کولگام جاتے ہوئے بیج بہاڑہ سے گرفتار کرلیا گیاتھا ۔ترجمان نے حریت رہنماؤں کی سیاسی سرگرمیوں پر قدغن اور انہیں گرفتار کرنے کی شدید مذمت کی ۔ انہوں نے واضح کیاکہ نہ تو گرفتاریوں اور ظلم وجبر سے تحریک آزادی کشمیر کمزورہوگی اور نہ ہی آزادی پسند لیڈروں ا ور عوام کے حوصلے پست ہونگے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ ظفر اکبربٹ کو حراست کے دوران طبیعت خراب ہونے پر جہلم ویلی میڈیکل کالج میں منتقل کردیا گیا ہے ۔ ترجمان نے کہا کہ بھارتی فوج کے ظلم و جبر کے باوجود بھی کشمیری شہداء کے مشن کو اسکے منطقی انجام تک جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا ۔ انہوں نے گریٹر کشمیر سے وابستہ سینئر صحافی جاوید احمد ملک جنہیں بھارت نوا ز سیاست دان اور کٹھ پتلی وزیر غلام نبی کے حکم پر تشدد کا نشانہ بنایا کی بھی مذمت کی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ یہ پہلاء واقعہ نہیں کہ جب بھارتی فوج یا پولیس نے کسی صحافی کو ظلم و تشدد کا نشانہ بنایا ہے ۔ترجمان نے صحافی کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا اور ان پر تشدد میں ملوث پولیس اہلکاروں کے خلاف سخت کاررائی کا مطالبہ کیا ۔ انہوں نے انسانی حقو ق کی بین الاقوامی تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی فوجیوں کی طرف سے بڑے پیمانے پر جاری انسانی حقوق کی پامالیوں کا سخت نوٹس لے ۔

متعلقہ عنوان :