نیپال کے سیلاب زدگان کو مدد کی یقین دہانی کرانے پر عمر عبداللہ کی طرف سے بھارتی حکومت کا تمسخر

جمعہ 26 جون 2015 14:39

سرینگر ۔ 26 جون (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 26 جون۔2015ء) مقبوضہ کشمیرمیں نیشنل کانفرنس کے صدر اورسابق کٹھ پتلی وزیر عمر عبداللہ نے بھارتی حکومت کا تمسخر اڑاتے ہوئے کہاہے کہ بھارت نے نیپال کے سیلاب زدگان کو بھی گزشتہ سال کے کشمیری سیلاب زدگان کی طرح امداد اور بحالی میں مکمل تعاون کا یقین دلایا ہے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق عمر عبداللہ نے ٹویٹر پر جاری ایک پیغام میں ان اطلاعات کہ بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج نے نیپال کو یقین دلایا ہے کہ بھارت مشکل کی اس گھڑی میں نیپال کی ہرممکن مدد کرے گا پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ بھارت نے جس طرح گزشتہ سال کے تباہ کن سیلاب کے دوران کشمیری عوام کو امداداور بحالی کیلئے کچھ نہیں کیا ہے اسی طرح وہ نیپال کے سیلاب زدگان کیلئے بھی کوئی اقدام نہیں کرے گا ۔

(جاری ہے)

عمر عبداللہ نے کہاکہ بھارت نے جموں وکشمیر کی طرح نیپال کو بھی امداداورتعمیر نو کی سرگرمیوں میں مکمل حمایت کایقین دلایا تھا ۔واضح رہے کہ گزشتہ سال ستمبر کے تباہ کن سیلاب کے دوران بھارتی حکومت نے کشمیری سیلاب زدگان کے بچاؤ، بحالی ، امداد اور تعمیر نو کی سرگرمیوں میں کوئی کردار ادا نہیں کیا تھا اور کشمیری نوجوانوں اور حریت قائدین نے اپنی مدد آپ کے تحت سیلاب زدگان کو امدا دپہنچائی اور انہیں محفوظ مقامات پر منتقل کیا تھا ۔

متعلقہ عنوان :