بھارت ہٹ دھرمی چھوڑ کر کشمیریوں کو حق خو دارادیت دے، اعظم انقلابی

اتوار 5 جولائی 2015 16:22

سرینگر ۔ 05 جولائی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 05 جولائی۔2015ء) مقبوضہ کشمیر میں جموں وکشمیرمحاذِ آزاد ی کے سرپرست محمد اعظم انقلابی نے بھارتی قیادت پر زور دیا ہے کہ وہ بندوق کی نوک پر کشمیریوں کی مبنی برحق تحریک کو دبانے کی مذموم پالیسی ترک کر کے پنڈت جواہر لال نہروکے وعدوں کو پورا کرتے ہوئے کشمیریوں کو انکا پیدائشی حق، حق خود ارادیت دے۔

کشمیر میڈیاسروس کے مطابق محمد اعظم انقلابی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں بھارتی فوجیوں کی طرف سے بانڈی پورہ کے علاقے صدرکوٹ بالا میں سحری کے وقت گھروں پر چھاپوں اور مکینوں کی مارپیٹ کی شدید مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ نہتے شہریوں کیخلاف چیرہ دستیوں کے انتہائی خطرناک نتائج نکلیں گے۔ محمد اعظم انقلابی نے کہا کہ اقوام متحدہ، اسلامی تعاون تنظیم اور دیگر عالمی ادارے تنازعہ کشمیر کے پر امن حل پر زور دے رہے ہیں لیکن بھارتی قیادت ضد اور ہٹ دھرمی کی پالیسی پر بدستور عمل پیرا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کشمیری اپنے ناقابل تنسیخ حق، حق خود ارادیت کے لیے پر امن جد وجہد کر رہے ہیں جو بھارت کو راس نہیں آرہی ۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی ضد اور ہٹ دھرمی کے انتہائی بیانک نتائج نکلیں گے۔ انہوں نے سید علی گیلانی علی اور دیگر حریت رہنماؤں کی گھروں میں نظر بندی اور انہیں جمعہ کی نماز سے روکنے کے کٹھ پتلی انتظامیہ کے اقدام کی شدید مذمت کی اور کہا کہ پابندیوں کے ذریعے حریت قیادت کو حوصلے ہرگز پست نہیں کیے جاسکتے۔

متعلقہ عنوان :