آزاد کشمیر میں گزشتہ چار سالوں سے عوام پر ایک کرپٹ ٹولہ مسلط ہے ،جس نے لوٹ کھسوٹ،اقرباء پروری میں تمام حدیں پھلانگ ڈالی ہیں، کرپٹ ٹولے کے محاسبہ کا وقت قریب آن پہنچا ، عید کے بعد دمادم مست قلندر ہوگا، عوام کی لوٹی ہوئی دولت واپس لیں گے ،پی ٹی آئی چڑہوئی کے عوام کی تمام محرومیوں کا خاتمہ کر ے گی

آزاد کشمیر پی ٹی آئی کے صدر بیرسٹرسلطان محمود چوہدری کا چڑہوئی میں جلسہ عام سے خطاب

پیر 6 جولائی 2015 17:22

چڑہوئی ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 06 جولائی۔2015ء ) آزاد کشمیر کے سابق وزیر اعظم و کشمیر پی ٹی آئی کے صدر بیرسٹرسلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ آج چڑہوئی میں جس ولولے جس جوش جس شیفتگی سے میرا تاریخ ساز استقبال ہوااس سے ایک مرتبہ پھر یہ حقیقت کھل کر واضح ہو گئی کہ حلقہ چرہوئی کل بھی میرا تھا آج بھی میرا ہے اور آئندہ آنے والے کل بھی میرا ہوگا میں نے چڑہوئی میں عوام کے حقوق کی رکھوالی کے لیے ایک چوکیدار چھوڑا تھا وہ غدار نکلا احسان فراموش نکلا ایک مرتبہ پہلے بھی اس غدار اور احسان فراموش کو چڑہوئی کے عوام نے میرے کہنے پر دس سال اسمبلی سے باہر رکھا تھا آج پھر میں اس اجتماع میں آپ سے کہتا ہوں کہا ا س غدار اور احسان فراموش کو ایک مرتہ پھر سبق سکھانے کا وقت آگیا ہے اب کی بار اسے ہمیشہ ہمیشہ کے لیے اسمبلی سے آؤٹ کرنا ہے آج چڑہوئی کے لوگوں کے بدلے ہوئے تیور دیکھ رہا ہوں آپ کی آنکھوں میں چڑہوئی کے غدار کا رسوا کن انجام صاف دکھائی دے رہا ہے ۔

(جاری ہے)

آزاد کشمیر میں گزشتہ چار سالوں سے عوام پر ایک کرپٹ ٹولہ مسلط ہے جس نے لوٹ کھسوٹ چور بازاری اقرباء پروری میں تمام حدیں پھلانگ ڈالی ہیں اس کرپٹ ٹولے کے محاسبہ کا وقت قریب آن پہنچا ہے عید کے بعد دمادم مست قلندر ہو نے والا ہے عوام کی لوٹی ہوئی دولت کرپٹ عناصر سے چھین کر واپس لیں گے ۔آج چڑہوئی میں سونامی کی لہریں عملی طور پر داخل ہو چکی ہیں چڑہوئی کے غیور لوگوایک نئے سویرے ایک نئی صبح ایک نئے سفر کا آغاز ہوا چاہتا ہے آپ نے اس نئے سفر میں میرا ساتھ دینا ہے تحریک انصاف کو چڑہوئی کی سیٹ دینی ہے میں آپ سے وعدہ کرتاہوں ۔

چڑہوئی کے عوام کی تمام محرومیوں کا خاتمہ کر دیا جائے گا۔وہ پیر کو بڑے افطار ڈنر کے بعد جلسہ عام سے خطاب کر رہے تھے ۔افطار ڈنر کی صدارت چوہدری افسرنے کی جبکہ میزبانی کے فرائض چوہدری شوکت فرید نے سر انجام دیئے ۔افطار ڈنرسے چیف آرگنائزر پی ٹی آئی چوہدری ظفر انور ،سابق وزیر رفیق نیئر ،چوہدری اکرم چٹھہ ،چوہدری افسر ،چوہدری شوکت فرید ،خواجہ عطاء محی الدین ،ڈاکٹر انصرابدالی ،غلام ربانی ،چوہدری اخلاق ،مظہر کاظمی ،روبینہ مالک ،راجہ مطین ،خادم انقلابی ،سعید شہزاد ناروی ،شفیق مغل ،چوہدری شاہد ،چوہدری صغیر ،ظہور الٰہی ،راجہ وقاص ،چوہدری لیاقت ،اسد رٹھوی ،راجہ سبیر ،صدام حسین ،کائنات حبیب ،گریز انصاری اور دیگر نے بھی خطاب کیا ۔

چڑہوئی آمد پر بیرسٹر سلطان محمو د چوہدری کا فقید المثال استقبال کیا گیا ان پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئی تحریک انصاف کے جیالے تحریک انصاف زندہ باد عمران خان زندہ باد بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کے نعرے لگاتے رہے جس سے فضا گونج اٹھی بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کا قافلہ جب چڑہوئی شہر میں داخل ہو ا تو اس قافلے کو لوگ گھروں کی چھتوں سے دیکھتے رہے ۔

چڑہوئی میں ہونے والا افطار ڈنر اپنی نوعیت کا ایک بڑا افطارڈنر تھا ۔اس موقع پر گریز انصاری ،ساجد بزمی ،چوہدری عدالت اپنے سینکڑوں ساتھیوں سمیت تحریک انصاف میں شامل ہو گئے ۔بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے مزید کہا کہ پاکستان میں پیپلزپارٹی قصہ پارینہ بنتی جا رہی ہے کرپشن اور بد عنوانی کی وجہ سے پیپلزپارٹی کی اعلیٰ قیادت ملک سے بھاگ چکی ہے آزادکشمیر کے اندر پیپلزپارٹی کی کرپٹ قیادت بھی یہاں سے بھاگ جائے گی لیکن ہم اسے بھاگنے نہیں دینگے ریاستی تشخص کو ملیا میٹ کرنے والے تحریک آزادی کشمیر سے مجرمانہ غفلت کرنے والے ریاستی وسائل کو نوچ نوچ کر کھانے والے آمدہ الیکشن میں عوامی عدالت مین عبرتناک شکست سے دوچار ہونگے ہم ان کی ضمانتیں تک ضبط کروا دینگے ۔

تحریک انصاف میں دوسری جماعتوں کے روشن ضمیر کے کارکنان ہزاروں کی تعداد میں شامل ہو رہے ہیں کیونکہ لوگ سمجھتے ہیں کہ تحریک انصاف ہی وہ واحد سیاسی جماعت ہے جس کے پاس تعمیر وترقی و عوامی حقوق کی بحالی کے لیے بہترین منشور ہے ۔