آزاد کشمیر کے تاجروں، صنعتکاروں نے بینکوں سے رقوم نکلوانے پر عائد ظالمانہ ٹیکس کو مسترد کردیا

آزاد کشمیر چیمبر کا جگا ٹیکس ختم نہ کرنے کیخلاف شٹر ڈاؤن احتجاج کا اعلان

منگل 7 جولائی 2015 16:14

میرپور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 07 جولائی۔2015ء) بینکوں سے رقوم نکلوانے پر ظالمانہ ٹیکس کو آزاد کشمیر کے تاجروں اور صنعت کاروں نے مسترد کر دیا ۔ آزاد جموں و کشمیر چیمبر آف کامرس کا جگا ٹیکس ختم نہ کرنے کے خلاف آزاد کشمیر بھر میں شٹر ڈاوٴن احتجاج کی دھمکی ،آزادکشمیر بھر کے تاجروں کا صدر چیمبر سے رابطہ ، وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار ہو ش کے ناخن لیں ، عالمی اداروں کی خوشنودی کے لئے جگا ٹیکس قبول نہیں ہے۔

تفصیلات کے مطابق آزاد جموں و کشمیر چیمبر آف کامرس کے صدر چوہدری جاوید اقبال نے کہا کہ وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار غیر ملکی مالیاتی اداروں کی خوشنودی کے لئے اپنے شہریوں کا معاشی قتل نہ کریں ، بینکوں سے رقوم نکلوانے پر جگا ٹیکس قطعاً نہیں دینگے آزاد کشمیر بھر کے تاجروں اور صنعت کاروں سے مشاورت مکمل کر لی ہے اگر جگا ٹیکس ختم نہ کیا گیا تو دمادم مست قلندر ہو گا اور آزاد کشمیر بھر میں تاجر شٹر ڈاوٴن کریں گے جبکہ دس لاکھ کشمیر ی تارکین وطن زرمبادلہ کی مد میں جو تقریباً ایک ارب ڈالر بھیجتے ہیں وہ بھی آنا بند ہو جائے گا اور وہ اپنے اربوں کھربوں کے سرمایہ کو بینکوں سے نکال لیں گے ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے تاجروں اور صنعت کاروں کے مختلف وفود سے بات چیت کے دوران کیا چوہدری جاوید اقبال نے کہا کہ جگا ٹیکس قبول نہیں ، تارکین وطن محنت کر کے یہاں اربوں روپے زر مبادلہ بھیج کر ملکی معیشت کو استحکام بخشتے ہیں اس کے ساتھ ساتھ نا مساعد حالات اور انرجی کرائسز میں تاجر اور صنعت کار اپنے کاروبار چلا رہے ہیں ۔وفاقی وزارت خزانہ عجیب پالیسی پر گامزن ہے ان کی پالیسی سمجھ سے بالا تر ہے کہ وہ کس کے اشاروں پر چل رہے ہیں اگر وہ واقعی ملک کے خیر خواہ ہیں تو میرپور میں انڈسٹری اسکوپ سے فائدہ اٹھائیں اور یہاں ڈرائی پورٹ دیں انھوں نے کہا کہ اگر یہ ظالمانہ فیصلہ واپس نہ لیا گیا تو پھر تارکین وطن اپنے اربوں روپے بینکوں سے نکلوا لیں گے اور مزید زر مبادلہ بھی نہیں آئے گا جبکہ آزاد کشمیر بھر میں شٹر ڈاوٴن ہڑتال کی جائیگی ۔

متعلقہ عنوان :