حریت رہنماؤں کا کشمیر بارے امریکی محکمہ خارجہ کی رپورٹ کا خیر مقدم،عالمی برادری سے مقبوضہ کشمیرمیں انسانی حقوق کی پامالیوں کیخلاف آوازبلند کرنے کا مطالبہ

جمعرات 9 جولائی 2015 19:03

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 09 جولائی۔2015ء) حریت رہنماؤں محمد یوسف نقاش اور فریدہ بہن جی نے امریکی محکمہ خارجہ کی طرف سے جاری رپورٹ جس میں مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں کو زیر بحث لایا گیا ہے کا خیرمقدم کیا ہے ۔محمد یوسف نقاش اور فریدہ بہن جی نے الگ الگ بیانات میں امریکی محکمہ خارجہ کی حالیہ رپورٹ جس میں مقبوضہ کشمیر میں آرمڈ فورسز اسپیشل پاورز ایکٹ ، پبلک سیفٹی ایکٹ اور ڈسٹربڈ ایریازایکٹ جیسے کالے قوانین کی منسوخی پر زوردیا گیا ہے کا خیر مقدم کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کو چاہیے کہ وہ مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی فوجیوں اور پولیس اہلکاروں کی طرف سے بڑے پیمانے پر جاری انسانی حقوق کی پامالیوں کے خلاف آوازبلند کریں۔ انہوں نے کہا کہ اس سے قبل انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل نے کشمیر میں انسانی حقوق پامالیوں کا ذکر کرتے ہوئے بھارت کے ظلم وجبر کو منظر عام پر لائی تھی اور اب امریکی محکمہ خارجہ کی رپورٹ نے بھی بھارت کے سب سے بڑے جمہوری ملک ہونے کے دعوے کی پول کھول کر رکھ دی ہے۔

(جاری ہے)

ادھر جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ کے سرپرست اعلیٰ بیرسٹر عبدالمجید ترمبو نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کشمیر بارے امریکی محکمہ خارجہ کی رپورٹ کا خیرمقدم کرتے ہوئے عالمی برادری سے کہاہے کہ وہ کشمیر میں نافذ کالے قوانین کے تحت انسانی حقوق کی پامالیوں کے خلاف آوازبلند کرے او ران کالے قوانین کے خلاف ایک مہم کا آغاز کریں ۔بیرسٹر ترمبو نے ایمنسٹی انٹرنیشنل کی کشمیر بارے حالیہ رپورٹ کا بھی خیر مقدم کیا ۔ جموں وکشمیر پیپلز فریڈم لیگ کے جنرل سیکرٹری محمد رمضان خان نے امریکہ کے محکمہ خارجہ کی کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں سے متعلق اور افسپا کے ناجائز استعمال پر مبنی رپورٹ کا خیر مقدم کرتے ہوے اسے دنیا کیلئے چشم کشا قرار دیا ہے ۔

متعلقہ عنوان :