Live Updates

کورکمانڈرپشاور سے چترال میں بارشوں سے تباہی پرتفصیلی بات چیت ہوئی ہے،پرویزخٹک

بات چیت میں پاک فوج ، خیبرپختونخوا حکومت اور وفاقی حکومت کی جانب سے سیلاب زدگان کی مدد کیلئے مربوط کوششوں پر اتفاق کیا گیا موسم کی خرابی کے باعث چترال نہیں جا سکا،موسم صاف ہوا تو عمران خان کے ہمراہ (کل)چترال جاؤنگا،وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نوشہرہ میں عید میلہ کیخلاف عوامی شکایات سے کو ر کمانڈر پشاور کو آگاہ کیا ہے، میلہ فوری طور پر بندکرانے کی یقین دہانی کرادی ہے،صحافیوں سے بات چیت

منگل 21 جولائی 2015 21:39

کورکمانڈرپشاور سے چترال میں بارشوں سے تباہی پرتفصیلی بات چیت ہوئی ..

نوشہرہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 21 جولائی۔2015ء) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے کہاہے کہ چترال میں بارشوں اور سیلاب کی صورتحال اور امدادی کاروائیوں سے متعلق کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل ہدایت الرحمن سے تفصیلی بات چیت ہوئی ہے بات چیت میں پاک فوج اور خیبرپختونخوا حکومت اور وفاقی حکومت کی جانب سے سیلاب زدگان کی مدد کیلئے مربوط کوششوں پر اتفاق کیا گیا وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے بتایا کہ وہ منگل کے روز موسم کی خرابی کے باعث چترال نہیں جا سکے تاہم بدھ کے روز موسم صاف ہوا تو وہ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے ہمراہ چترال کا دورہ کریں گے اور سیلاب کی تباہ کاریوں کے علاوہ متاثرین سیلاب کی امداد کیلئے اقدامات کا بھی جائزہ لیں گے وزیراعلیٰ نے کہاکہ نوشہرہ میں عید میلہ کے خلاف عوامی شکایات سے بھی کو ر کمانڈر پشاور کو آگاہ کیا گیا ہے جس پر اُنہوں نے یہ میلہ فوری طور پر بندکرانے کی یقین دہانی کرادی ہے ۔

(جاری ہے)

منگل کے روز نوشہرہ میں صحافیوں سے با ت چیت کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے بتایا کہ اُنہوں نے چترال کا دورہ کرنے پر کورکمانڈر لیفٹینٹ جنرل ہدایت الرحمن کا شکریہ ادا کیا اور چترال کے دور دراز پہاڑی علاقوں میں پاک فوج کی امدادی کاروائیوں کو سراہا ہے وزیراعلیٰ نے بتایا کہ کہ اُنہوں نے سیلاب زدگان کی مدد اور ذرائع آمدورفت اور خصوصاً پانی کی سکیموں کی بحالی کیلئے خیبرپختونخوا حکومت کے اقدامات سے کور کمانڈر کو تفصیلی طور پر آگاہ کیااُنہوں نے کہاکہ چترال میں پاک فوج نے دور دراز پہاڑی علاقوں کے متاثرین تک خوراک کے پیکٹ پہنچائے جو سول انتظامیہ کے بس کی بات نہیں تھی وزیراعلیٰ نے بتایا کہ چترال میں سیلاب زدگان کی امدادی کاروائیوں اور ذرائع مواصلات سمیت بنیادی سہولتوں کی بحالی کیلئے خیبرپختونخوا حکومت نے ابتدائی طور پر 14 کروڑ روپے فراہم کر دیئے ہیں جن میں سے 10 کروڑ روپے صرف تباہ شدہ سڑکوں اور راستوں کی فوری مرمت و بحالی جبکہ باقی رقم متاثرہ واٹر سپلائی اور اری گیشن سکیموں کی بحالی پرخرچ کی جائے گی انہوں نے کہا کہ منگل کے روز بھی صوبائی حکومت نے متاثرین سیلاب کیلئے خوراک اور امدادی سامان کے 50 ٹرک چترال روانہ کئے ہیں وزیراعلیٰ نے کہا کہ اُنہوں نے پی ڈی ایم اے کو ہدایت کی ہے کہ وہ ضرورت کے مطابق تمام امدادی اشیاء ہر صورت میں متاثرین تک پہنچائیں کیونکہ صوبائی حکومت کے پاس امدادی وسائل کی کوئی کمی نہیں انہوں نے کہاکہ پاک فوج نے ہر مشکل گھڑی میں خیبرپختونخوا کے عوام کی مدد کی ہے اور صوبائی حکومت قدرتی آفات سے نمٹنے اور صوبے میں امن وامان کے قیام کیلئے پاک فوج کے شانہ بشانہ خدمات انجام دے گی وزیراعلیٰ نے بتایا کہ پشاور سے پی ڈی ایم اے اور صوبائی محکمہ امداد و بحالی کے علاوہ سی اینڈ ڈبلیو، پبلک ہیلتھ انجینئرنگ اور اری گیشن کے چیف انجینئرز اور دیگر اعلیٰ حکام بھی چترال پہنچ گئے ہیں جہاں وہ امداد اور بحالی کے کاموں میں مصروف ہیں اور صوبائی حکومت ان کاروائیوں کی مسلسل مانیٹرنگ کر رہی ہے اور جہاں کہیں بھی صوبائی حکومت کی مدد کی ضرورت پڑتی ہے اس کے مطابق فوری اقدامات کئے جاتے ہیں پرویز خٹک نے جناح باغ نوشہرہ میں لگائے گئے عید میلے سے متعلق شکایات سے متعلق کہا کہ اس بارے میں بھی اُنہوں نے کور کمانڈر پشاور سے بات کی ہے جنہوں نے یہ میلہ فوری طورپر بند کرانے کی یقین دہانی کرائی ہے وزیراعلیٰ نے بتایا کہ انہوں نے عیدمیلہ کے حوالے سے عوامی شکایات اور اس بارے میں صوبائی وزیر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن میاں جمشید الدین کے ساتھ نوشہرہ کے وفود کی ملاقاتوں کے بارے میں کور کمانڈر کو آگاہ کیا ۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات