وزیر اعظم آزاد کشمیرکی کوٹلی سیکٹر میں شہری آبادی پر بھارتی فائرنگ کی شدید مذمت ،اقوام عالم سے بھارت پر جارحیت روکنے کیلئے دباؤ ڈالنے کی اپیل

اتوار 9 اگست 2015 13:58

مظفر آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 09 اگست۔2015ء) وزیر اعظم آزاد جموں وکشمیر چوہدری عبدالمجید نے کوٹلی سیکٹر میں شہری آبادی پر بھارتی فائرنگ کی شدید مذمت کرتے ہوئے فائرنگ میں زخمی ہونے والی خواتین کو فوری علاج معالجے کے لیے محکمہ صحت عامہ کو ہدایت جاری کیں۔ وزیراعظم چوہدری عبدالمجید نے بھارتی فائرنگ کی شدید مذمت کرتے ہوئے اقوام عالم سے اپیل کی کہ وہ ایل او سی پر آباد شہری آبادیوں کو بھارتی گولہ باری سے محفوظ بنائے۔

وزیراعظم نے اقوام متحدہ سے کہا کہ وہ ایل او سی کے حوالے سے اپنی ذمہ داریاں پوری کرے اور ایل او سی پر اپنے مانیٹرنگ سسٹم کو موثر بنائے تاکہ شہری آبادی بھارتی گولہ باری سے محفوظ رہے۔ وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ ایل او سی پر آباد سوہلین آبادی کے حوصلے بہت بلند ہیں بھارت کے جارحانہ اقدامات کے ذریعے بھارتی حکمران ایل او سی پر آباد شہریوں کے حوصلے پست نہیں کرسکتے۔

(جاری ہے)

وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہاکہ بھارت کے انتہا پسند حکمران ایک منظم منصوبہ بندی کے تحت جارحیت کا ارتکاب کر رہے ہیں بھارتی حکمرانو ں نے جارحانہ اقدامات کے ذریعے بر صغیر کا امن یر غمال بنا رکھا ہے جو امن پسند دنیا کے لیے لمحہ فکریہ ہے۔ وزیرعظم نے کہا کہ امن پسند دنیا بھارت کو برصغیر کے امن کو برباد کرنے سے باز رکھے اور بھارت کو جارحانہ اقدامات سے روکے ۔

دریں اثنا وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری عبدالمجید نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی حکمرانوں کی طرف سے حریت قیادت کی نظربندی، نوجوان نسل کی ٹارگٹ کلنگ ،مذہبی مقامات کی بے حرمتی، زیر حراست ہلاکتوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کے قابض و غاصب حکمران اپنے منفی ہتھکنڈوں کے ذریعے کشمیریوں کے جذبہ آزاد کو سرد نہیں کرسکتے ۔ مقبوضہ کشمیر کے حریت پسند عوام نے بھارت کے غیر قانونی قبضے کو مسترد کررکھا ہے اور بھارت کے غاصبانہ تسلط سے آزادی کے لیے تحریک شروع کر رکھی ہے۔

بھارت جارحانہ ہتھکنڈوں کے ذریعے آزادی کی اس تحریک کا راستہ نہیں روک سکتا۔ وزیراعظم آزادکشمیر نے کہاکہ لاکھوں شہدا کا لہو رائیگاں نہیں جاسکتا آزادی کشمیریوں کا مقدر بن کررہے گی وزیراعظم نے کہاکہ تحریک آزادی کے بیس کیمپ کی حکومت اور عوام مقبوضہ کشمیر کے عوام کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں مقبوضہ کشمیر میں جاری تحریک تکمیل پاکستان کی تحریک ہے پاکستان اہل کشمیر کی منزل ہے کشمیریوں کو اس منزل سے دور نہیں رکھا جاسکتا۔

وزیراعظم آزادکشمیر نے کہاکہ پاکستان ہمارے عقیدے اور نظریے کا حصہ ہے پاکستان کے استحکام وسلامتی کے لیے ہمارے لہو کا آخری قطرہ بھی حاضرہے۔پاکستان میں عدم استحکام کی بھارتی سازشیں ناکام ہوکر رہیں گی۔ بھارتی ایجنسیوں کے تمام مذموم عزائم ناکام ہوں گے۔ وزیراعظم نے کہاکہ اہل کشمیر نے پاکستان کے قیام سے قبل ہی پاکستان کو اپنی منزل قرار دے رکھا ہے۔

اہل کشمیر پاکستان اور عسکری اداروں کے خلاف سازشیں کرنے والوں کو برداشت نہیں کرسکتے۔ وزیراعظم نے کہاکہ پاک مسلح بہادار افواج کشمیر یوں کی محافظ ہے 20ہزار فٹ کی بلندیوں پر اہل کشمیر کی عزت وناموس کا تحفظ کرنے پر پاک فوج کو سلام کرتے ہیں کشمیرکا بچہ بچہ پاک فوج کے شانہ بشانہ ہے۔ وزیراعظم نے کہاکہ اہل کشمیر پاک فوج کے ساتھ بھرپور یکجہتی کااظہار کرتے ہیں ۔

دریں اثنا وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری عبدالمجید نے آزادکشمیر اور دنیا بھر میں آباد کشمیر یوں سے اپیل کی کہ وہ 14اگست کویوم پاکستان بھرپور طریقے سے منائیں۔ وزیراعظم نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر کے عوام8لاکھ بھارتی فورسز کے سنگینوں تلے پاکستان کا پرچم بلند کررہے ہیں۔ پاکستان کشمیریوں کے ایمان کا حصہ ہے۔ پاکستان کی سلامتی واستحکام کے لیے دونوں اطراف کے کشمیری عوام قربانیاں دے رہے ہیں اور دیتے رہیں گے۔

نیلم جہلم ہائیڈل پراجیکٹ کے متاثرین کے نمائندہ وفد سے بات چیت کرتے ہوئے وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری عبدالمجید نے کہا کہ تحریک آزادی کے بیس کیمپ میں پیپلزپارٹی کی حکومت پارٹی ویژن کو اجاگر کررہی ہے اور پارٹی منشور کو عملی جامہ پہنا رہی ہے انسانیت کی فلاح وبہبود ہمارا ایجنڈا ہے اس عوامی خوشحالی کے ایجنڈے پر عملدرآمد کر کے رہیں گے حکومت نے آزادکشمیر میں تعمیر وترقی کے جس روڈ میپ پر سفر شروع کررکھا ہے اس سے آزاد خطہ فلاحی معاشرے کے ٹریک پر آجائے گا۔

وزیر خزانہ چوہدری لطیف اکبر، وزیر زراعت بازل علی نقوی،کمشنر مظفرآباد محمد بشیر مغل، ڈی آئی جی مظفرآبادطاہر قریشی اور ڈی جی ٹیوٹا رفیق نیئر اورمتاثرین کے نمائندے موجود تھے۔ وزیراعظم نے کہا کہ آزادکشمیر نے ہائیڈل جنریشن، ٹورازم اور منرل ٹریڈ کو فوکس کررکھا ہے جس سے آزاد کشمیر میں خود انحصار معیشت کو فروغ ملے گا اور آزادکشمیر کے دور دراز پسماندہ علاقوں کے عوام بھی شہرجیسی سہولتیں حاصل کرسکیں گے۔

وزیراعظم آزادکشمیر نے کہاکہ آزادکشمیر میں تعمیر وترقی کے لیے ایسامیکانیزم اختیار کیا گیا ہے جس سے آزاد کشمیر کے عوام بلا تخصیص عوام کو جدید سہولتیں مہیا ہوسکیں گی وزیراعظم نے کہاکہ ماضی میں آزادکشمیر کے عوام کو محرومیوں کے سوا کچھ نہ مل سکا آزادکشمیر کے عوام کو برادریوں اور علاقے کے زنجیروں میں جھکڑ کررکھا گیا آزادکشمیر میں پیپلزپارٹی کے حکومت نے آزادکشمیر کے عوام کو مختصر عرصے میں میگا پراجیکٹس دیئے پیپلزپارٹی کی حکومت نے آزادکشمیر سے علاقائی قبیلائی سیاست کا خاتمہ کیا ہم ایسے فلاحی معاشرہ کے لیے کوشاں ہیں جہاں کسی سے کوئی امتیازی سلوک نہ ہوسکے اور نہ ہی کسی کے ساتھ زیادتی ہوسکے گی۔

متعلقہ عنوان :